دھرتی پاکستان

February 16, 2020

مصنّف: عنایت جان آف پاکستان

صفحات،قیمت اور ناشرکا نامـ درج نہیں۔

اس وقت نظر کے سامنے ایک رسالہ ہے۔ متن کے اعتبار یا مفہوم سے اسے یوں سمجھا جا سکتا ہے کہ اس کے مُدیر عنایت جان آف پاکستان نے اسے مُلک سے شدید محبّت کے تحت میں ترتیب دیا ہے اور اس شدّت نے انہیں اس حد تک مغلوب کیا کہ اُنہوں نے رسالے میں مُلک کے تمام حکم رانوں کے بارے میں معلومات مع تصاویر یک جا کر دی ہیں۔

پاکستان کے بارے میں بھی بہت سی معلومات اور تصاویر رسالے کی زینت بنائی گئی ہیں۔ یہی نہیں، جذبۂ حُبّ الوطنی کے تحت رسالے میں بر بِنائے اصلاح بہت سی تجاویز بھی پیش کی گئی ہیں۔ کچھ نظمیں بھی شامل کی ہیںاور دشمن مُمالک کے عزائم بھی آشکار کیے ہیں۔

تاہم،یہ تمام تر لوازمات پیش کرتے ہوئے شاید تنگیِ وقت کے پیشِ نظر رسالے پر نظرِ ثانی کا موقع نہ مل سکا۔پروف کی اغلاط تو اپنی جگہ، رسالے میں بہت سی جگہوں پر املا تک دُرست نہیں۔ مثال کے طور پر ایک نظم ’’پتّھر کے پجاری‘‘ میں علاوہ عنوان کے جہاں جہاں پتّھر آیا ہے(اور وہ جگہ جگہ استعمال کیا گیا ہے)اُسے ’’پتھعر‘‘ تحریر کیا گیا ہے۔نیز، رسالے میں کوئی ادارتی تحریر بھی نہیں کہ جس سے اس کے مقصدِ اجراءسے متعلق کچھ جانا جا سکے۔