کپتان اظہر علی نے یاسر شاہ کی ٹیسٹ کرکٹ میں مشکلات کی وجہ بتادی!

February 10, 2020

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش کے خلاف آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پہلے ٹیسٹ میں اننگز اور 44 رنز کی فتح حاصل کرنے والی ٹیم کے کپتان اظہر علی جب پریس کانفرنس کرنے صحافیوں کے سامنے آئے تو انہوں نے کہا کہ یاسر شاہ نے دوسری اننگز میں چار وکٹ کی پرفارمنس کے ساتھ ناصرف اعتماد حاصل کیا، بلکہ ثابت کیا کہ وہ اب بھی ہمارے بہترین بولر ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ لیگ اسپنر یاسر شاہ ماضی میں یو اے ای کی پچز پر خاصے موثر رہے ہیں، البتہ اس کے برعکس انہیں پاکستان میں کچھ مشکلات کا سامنا ہے، جس کی سیدھی وجہ یہاں کی پچز کا معیار ہے۔

اظہر علی بولے یو اے ای میں پچز اسپنرز کے لئے ساز گار ثابت ہوتی ہیں، وہاں رنز روکنا بھی مشکل نہیں ہوتا، اس کے برعکس پاکستان میں گیند ذرا دیر سے اسپن ہوتا ہے، اس لیے یاسر شاہ یہاں ابتداء میں گیند بازی کرتے ہوئے مشکلات کا شکار دکھائی دے رہے ہیں، لیکن خوشی اس بات کی ہے کہ ہمارے فاسٹ بولرز جس انداز میں گیند ڈال رہے ہیں، وہ ہماری قوت بن رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محمد عامر اور وہاب ریاض کے ٹیسٹ چھوڑنے سے نسیم شاہ اور شاہین شاہ کے لئے جگہ بنی ہے، انہوں نے کہا کہ نسیم شاہ نے راولپنڈی میں ہیٹ ٹرک کر کے خوب داد سمیٹی، اگر وہ دبئی میں یہ کارنامہ انجام دیتے، تو ان کو پتہ ہی نہیں چلتا کہ وہ کیا کر چکے ہیں، یہی وجہ تھی کہ میں نے انہیں ہیٹ ٹرک کے بعد فائن لیگ پر بھیجا کہ جاؤ اور داد سمیٹو۔

فواد عالم کو نا کھلانے کے سوال پر اظہر علی نے بتایا کہ ٹیم میں گیارہ کھلاڑی ہی کھیل سکتے ہیں، تاہم فواد عالم باصلاحیت بیٹس مین ہے، جس کو مناسب وقت پر ضرور موقع ملے گا۔

اظہر علی نے کہا کہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئین شپ میں بنگلہ دیش کے خلاف کراچی ٹیسٹ جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنے پوائنٹس کو بڑھانے کی کوشش کرینگے، کیونکہ ہمیں آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئین شپ انگلینڈ ، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے خلاف مشکل سیریز ابھی کھیلنا ہیں۔