بیڈ روم کو اپنے ’برج‘ کے مطابق سجائیں

February 11, 2020

بیڈروم گھر کا سب سے خاص حصہ ہوتا ہے، جہاں ہم فرصت کے لمحات پاکر اپنی توانائی کو ازسر نو بحال کرتے ہیں۔ ہمیںجتنی اچھی نیند اپنےبستر پر اورجتنا زیادہ سکون اپنے بیڈروم میں ملتاہے، کہیں اور نہیں ملتا۔ یہ وہ جگہ ہے جہاں آپ ایک طویل اور تھکا دینے والے دن کے بعد آرام کرتے ہیں یا اپنے کسی پیارے کے ساتھ وقت گزارتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ ہم ا س کی تزئین و آرائش اور سیٹنگ تبدیل کرنے کے بارے میں اکثر سوچتے رہتے ہیں۔ اگر آپ کو برج کے حوالے سے کچھ دلچسپی ہےتو ہم آپ کے برج کے مطابق آپ کا بیڈ روم سیٹ کرنے میں آپ کی مدد کرسکتے ہیں، تاکہ آپ اپنی شخصیت کے ساتھ ساتھ اپنےبیڈر وم کو بھی ایسا روپ دے سکیں جو آپ کو اچھا لگے اور یہاں وقت گزارنا لطف کا باعث بن جائے۔ آج ہم چار بروج کا ذکر کر رہے ہیں۔

برج جدی (Capricorn)

آپ دوسروںپر غلبہ حاصل کیے بغیر نہیں رہ سکتے ، پھر بھی اپنے پائوں زمین پر رکھتے ہیں۔ آپ ذمہ دارہیں اور نظم و ضبط سےمالا مال ہیں، اس لئے آرائش و سجاوٹ میں بھی سمجھداری سے کام لیتے ہیں۔ آپ ایک معنی خیز اور پُر مغز آرائش کو سراہتےہیں۔

آپ پکے اور ٹھوس رنگوں کو پسند کرتے ہیں، جیسے سرخ رنگ کی لکڑی سے بنی کرسیوں پر لیدر چڑھا ہوا، لیکن اس کا اسلوب کھلنڈرا ہو،جیسے اینٹرینس میں تیندوے کی کھال سے بنایا گیا یا اس طرح کے پرنٹ والا قالین۔ آپ کے رنگ: گہرےزمینی شیڈز جیسے کہ سلیٹ ، سرمئی ، بھورے اور فاریسٹ گرین۔

برج دلو (Aquarius)

آپ اپنے منفرد اور دوراندیش نظریات دوسروں پر مسلط کرتے ہیں۔ آپ ان سے ایک قدم آگے ہوتے ہیں، خاص طور پر جب ٹیکنالوجی کی بات ہو۔ آپ کو اپنی دیوار پر جدید ترین HDTV اچھا لگتاہے۔ چاہے آپ جدید ٹیکنالوجی کےحامی ہوں یا فیشن کے، آپ کو مختلف دکھائی دینے کا شوق ہوتاہے۔

یہی حال آپ کے بیڈروم کا بھی ہے، چاہے آپ کا پرانا فوم ہو یا مٹیلک پینٹ سے بنا میٹریس ، آپ ایک منفرد قسم کا پرانے فیشن کا تکیہ اپنے بیڈ کیلئے ضرور خریدیںگے کیونکہ آپ مستقبل کے فرد ہونے کے ساتھ ساتھ ماضی میں بھی پلٹ جاتے ہیں۔آپ کے رنگ: چاندی ، نیلا، مٹیلک اور ڈینم

برج حوت (Pisces)

آپ وقت کے دھارے میں بہنے والی شخصیت ہیں۔ بعض اوقات آپ کے جذبات جلد بھڑک اٹھتے ہیں، لہٰذا آپ کے بیڈروم میںایسا بستر ہوناچاہئے جہاں آپ کو سکون مل سکے۔ آپ کے بستر کو نرم اور گداز ہونے کے ساتھ ساتھ دیدہ زیب بیڈ شیٹ سے مزین ہونا چاہئے۔

جبکہ اوڑھنے کے لیے بھی خوشگوار رنگوں والی چادر موجود ہو۔ اگر آپ کا بیڈ روم وان گو(Van Gogh) کی اسٹیری نائٹ والی تھیم سے سجا ہو تو پھر آپ کے لیے یہ ایک پرفیکٹ بیڈ روم ثابت ہوگا۔آپ کے رنگ: سبز، نیلا اور ہلکا پیلا

برج حمل (Aries)

آپ تیز رفتار ی اور سرعت کے ساتھ کام کرتے ہیں۔ آپ رجعت پسند ہیں، آپ کو ڈیزائن میں تبدیلیاں کرنا پسند ہے، اسی لیے آپ کی خوابگاہ زندہ دلی کی بھرپور عکاسی کرتی ہے۔ آپ روشن اور پُرجوش رنگوں کو پسند کرتے ہیں، خاص طور پر سرخ رنگ کو کیونکہ یہ آپ کے حکمران سیارے’ مریخ‘ کا رنگ ہے۔

اس کے علاوہ آپ بچپن میں نوادرات یا ڈاک ٹکٹ جمع کرنے والے مشاغل کو استعمال میں لاتے ہوئے ان چیزوں کو اپنے بیڈ روم اسٹائل کا حصہ بنا سکتے ہیں۔ آپ کے رنگ: گہرا سرخ اور زرد مگر اعتدال پسندی کے ساتھ