سابق ٹیسٹ کرکٹر وقار حسن کراچی میں سپرد خاک

February 11, 2020

سابق ٹیسٹ کرکٹر وقار حسن کراچی میں سپرد خاک

پاکستان کی جانب سے پہلا ٹیسٹ کھیلنے والی کرکٹ ٹیم کے رکن وقار حسن کی تدفین کردی گئی، نماز جنارہ میں سابق ٹیسٹ کرکٹرز کے علاوہ شہر کی معروف شخصیات نے شرکت کی۔

پاکستان کی سب سے پہلی ٹیسٹ ٹیم کے رکن وقار حسن کی نماز جنازہ کراچی میں ادا کی گئی، 87 سالہ وقار حسن طویل علالت کے بعد پیر کو کراچی میں انتقال کر گئے تھے۔

مرحوم کی نماز جنازہ میں لیجنڈ کر کٹرز ظہیر عباس، وسیم باری، سکندر بخت اور اقبال قاسم سمیت شہر کی معروف سماجی شخصیات نے شرکت کی تھی۔

وقار حسن کو یہ اعزاز حاصل تھا کہ وہ پاکستان بننے کے بعد پہلی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ تھے، اُس ٹیم نے 53-1952 میں عبدالحفیظ کاردار کی قیادت میں بھارت کا دورہ کیا تھا۔

وقار حسن نے پاکستان کی جانب سے 21 ٹیسٹ میچز میں ایک ہزار 71 رنز بنائے، ایک سنچری اور چھ نصف سنچریاں بھی اُن کے ٹیسٹ کیریئر کا حصہ ہیں۔