سی سی ٹی وی کیمروں کی اقسام

February 16, 2020

گھر، شاپنگ مال، دفاتر اور پلازہ کی تعمیر میں اب بلٹ اِن کیمروں کی اہمیت تسلیم شدہ ہے۔ جرائم کی بڑھتی شرح کے پیش نظر آج ہر جگہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کو ضروری سمجھا جانے لگا ہے۔یہی وجہ ہے کہ مکان کی تعمیر کے دوران حفاظتی نقطہ نظر کے تحت سی سی ٹی وی کیمروں کا اضافہ لازمی کیا جاتا ہے۔ عام تصور کے برعکس یہ نئی ٹیکنالوجی نہ صرف فوائد سے بھر پور ہے بلکہ نسبتاً سستی بھی ہے۔

سی سی ٹی وی کیمروں کے فوائد سے تو سبھی واقف ہیں، لہٰذا آج ہم بہترین سی سی ٹی وی کیمروں کی خریداری کے حوالےسے خاص معلومات قارئین کو بتائیں گے کیونکہ گھر یا کسی بھی جگہ کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے مارکیٹ میں سی سی ٹی وی کیمروںکی کئی اقسام موجود ہیں۔ اس کے باوجود زیادہ تر افراد انٹرنیٹ پر بہترین کیمروں کی تلاش میں مصروف نظر آتے ہیں۔

کلوز سرکٹ ٹیلی ویژن کیمرہ (سی سی ٹی وی) درحقیقت ایک الیکٹرانک کیمرہ ہوتا ہے، جو ویڈیو نگرانی کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ ان کیمروں کی مدد سے کسی بھی جگہ کی 24گھنٹے نگرانی اور ریکارڈنگ کی جاسکتی ہے تاکہ کسی ناخوشگوار حادثے کی صورت میں واقعہ کودوبارہ دیکھا جاسکے۔

مارکیٹ میں دستیاب مختلف شکلوں، سائز، اسٹائل اور وضع کے سی سی ٹی وی کیمرے مختلف مقاصد کو ذہن میں رکھتے ہوئے ڈیزائن کیے جاتے ہیں ، تو آئیے جانتے ہیں کہ گھر کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کون سا کیمرہ کس طرح مفید رہتا ہے ۔

ڈوم سی سی ٹی وی کیمرہ

مقصد: ریٹیل اسٹور،دفاتر اور گھروں کی نگرانی یا حفاظت کے لیے۔

سی سی ٹی وی کیمرے کی اس قسم (ڈوم کیمرے) کا نام اس کے گنبد نما ڈیزائن کو دیکھتے ہوئے رکھا گیا ہے ۔ گھر کے اندر کی سیکیورٹی کیلئے ڈوم کیمرہ سب سے زیادہ منتخب کیا جانے والا سی سی ٹی وی کیمرہ ہے۔عام طور پر گھروں حتیٰ کہ دفاتر میں بھی ڈوم کیمرے ہی لگے ہوئے نظر آتے ہیں۔ ڈوم کیمرے دیوار کے بجائے چھت پر نصب کروائے جاتے ہیں۔ یہ کیمرے وینڈل پروف ہوتے ہیں، لہٰذا انھیں بلاجھجھک چھت پر نصب کیا جاسکتا ہے۔

کچھ کیمرے انفراریڈ ایلومنیٹرز کی مدد سے ڈیزائن کیے جاتے ہیں، جس کے باعث یہ کم روشنی میں بھی بآسانی ویڈیو بنانے کے اہل ہوتے ہیں۔ اگرچہ یہ کیمرے خفیہ نہیں ہوتے لیکن ان کا گنبد نما ڈیزائن ان کو غیر نمایاں ہونے میں مدد دیتا ہے کیونکہ ان کیمروں کی سمت کا تعین کرنا خاصا مشکل ہوتا ہے۔

لہٰذا چور ڈاکوؤں کے داخلے کو روکنے کے لیے یہ کیمرے بہترین سمجھے جاتے ہیں۔ گھر کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ڈوم کیمروں کی تنصیب عقبی حصے، باغیچے یا پھر مرکزی دروازے کی چھت پر کروائی جاسکتی ہے۔

ڈے نائٹ سی سی ٹی وی کیمرہ

مقصد: 24گھنٹے نگرانی،کم روشنی میں بھی کارآمد۔

ڈے نائٹ کیمرہ عام یا ناقص روشنی والے ماحول کے لیے علیحدہ علیحدہ طریقے سے فائدہ مند ہے۔ ان کیمروں میں انفراریڈ ایلومنیٹرز کا استعمال نہیں کیا جاتا کیونکہ وہ روشنی کی مختلف حالتوں حتیٰ کہ اندھیرے میں بھی واضح ویڈیو امیج بناسکتے ہیں۔ آؤٹ ڈور ایریا کی نگرانی کے لیے ان کیمروں کو مثالی تصور کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ دیگر ایسی جگہیں جہاں کیمروں کی بہت سی اقسام واضح طور پر کارآمد ثابت نہیں ہوتیں، وہاں بھی ڈے نائٹ کیمروں کی تنصیب مثالی تصور کی جاتی ہے۔

بُلٹ سی سی ٹی وی کیمرہ

مقصد: موسم اور40فٹ دور تک نگرانی کے لیے۔

بُلٹ کیمرہ لمبا اور تنگ سلنڈر نما ہوتا ہے۔ ان کیمروں کی تنصیب بیرونی حصے میں کی جاتی ہے، خاص طور پر ان جگہوں پر جہاں دور تک دیکھنا مقصود ہو۔ لیکن گھر کے عقبی حصے اور پارکنگ ایریا تک نگرانی کے لیے انہیں گھر کے اندرونی حصوں میں بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

عام طور پرموسمی اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے انھیں اندرونی حصے کی حفاظت کے لیے نصب کروایا جاتا ہے۔ بُلٹ کیمرے زیادہ تر ایک مقررہ لمبائی، فکسڈ اور ویری فوکل لینس کے ساتھ ہی ڈیزائن کیے جاتے ہیں، ان سے80ڈگری زاویے تک دیکھا جاسکتا ہے۔

سی ماؤنٹ سی سی ٹی وی کیمرہ

سی ماؤنٹ کیمروں میں مختلف ایپلی کیشنز سے لے کر علیحدہ کیے جانے والے لینس(Detachable lenses) استعمال کیے جاتے ہیں۔ دراصل ایک معیاری سی ماؤنٹ سی سی ٹی وی کیمرے کا لینس 35سے40فٹ تک کے فاصلے کا احاطہ کرسکتا ہے۔ چونکہ سی ماؤنٹ کیمروں میں خصوصی لینس کا اضافہ بھی ممکن ہے، لہٰذا یہ فاصلہ خصوصی لینس استعمال کرتے ہوئے 40فٹ سے بھی زیادہ بڑھایا جاسکتا ہے۔

PTZسی سی ٹی وی کیمرہ

ان کیمروں کو چاروں اطراف گھمانا، جھکانا یا زوم کرنا ممکن ہوتا ہے۔ آپ PTZ سی سی ٹی وی کیمروں کو اپنی سہولت کے مطابق استعمال یا فوری طور پر کنٹرول کرسکتے ہیں یا پھر پروگرام پر عمل کرتے ہوئے چیزوں کو درست زاویے پر رکھ سکتے ہیں۔

چونکہ ان کیمروں پر براہ راست کنٹرول کرتے ہوئے نگرانی ممکن ہے، لہٰذا انہیں حساس علاقوں میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کیمروں کی یہ قسم دوسری اقسام سے خاصی مہنگی ہوتی ہے۔