فیشن ڈیزائننگ کی تعلیم اور کیریئر

February 16, 2020

لباس کی اہمیت کا اندازہ اس امر سے لگائیں کہ لباس آپ کی شخصیت اور تعلیم یافتہ و مہذب ہونے کا آئینہ دار ہوتا ہے۔ دفتر کا ایگزیکٹو لباس ہو یا عام سادہ لباس، تراش خراش اور سلائی ایسی نفیس ہونی چاہیے کہ دیکھنے والے تعریف کیے بغیر نہ رہ سکیں۔ کسی بھی طرز کے لباس (شلوار قمیض، پینٹ شرٹ وغیرہ) میں سلائی، فٹنگ اور ڈیزائن کی اہمیت کسی طور نظر انداز نہیں کی جاسکتی۔

ہماری ٹیکسٹائل اور گارمنٹس انڈسٹری کا دار و مدار فیشن ڈیزائننگ پر ہے۔ منفرد ڈیزائنز کے باعث پاکستانی فیشن انڈسٹری کا چرچا دنیا بھر میں ہورہا ہے۔ اب امریکی و یورپی خواتین بھی شلوار قمیص کو آرام دہ پہناوے کے طور پر اپنا رہی ہیں۔برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن نے بھی گزشتہ سال اپنے دورہ پاکستانی لباس پہننے کو ترجیح دی اور تمام تر لباس ان پر خوب جچے۔

فیشن ڈیزائنرز کا کام

فیشن ڈیزائننگ دراصل جمالیات اور قدرتی خوبصورتی کو لباس اور اس کے لوازمات پر لگانے کا فن ہے۔ یہ موسم، ثقافت اور معاشرتی رویوں سے متاثر رہتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ہرکچھ عرصے میں فیشن ٹرینڈز بدلتے رہتے ہیں۔ فیشن ڈیزائنرز لباس اوراس کے تمام لوازمات کا مکمل خیال کرتے ہوئے متعدد طریقوں سے کام کرتے ہیں۔

مارکیٹ میں لباس متعارف کروانے کے لئے ڈیزائنرز کو صارفین کے ذوق میں تبدیلیوں کا بھی خاص خیال رکھنا پڑتا ہے۔ فیشن ڈیزائنرز فیشن ہاؤس کیلئے کل وقتی کام کرسکتے ہیں ، جیسے 'ان ہاؤس ڈیزائنرز، اس میں وہ تنہا یا ٹیم کے طور پر کام کرتے ہیں۔ فری لانس ڈیزائنرز ذاتی حیثیت میں کام کرتے ہوئے اپنے ڈیزائنز فیشن ہاؤسز، دکانوں یا کپڑوں کے مینوفیکچرز کو فروخت کرتے ہیں۔ کچھ فیشن ڈیزائنرز اپنے اپنے لیبل ترتیب دیتے ہیں ، جن کے تحت ان کے ڈیزائنوں کی مارکیٹنگ کی جاتی ہے۔

پاکستانی خواتین کا پسندیدہ شعبہ

ہر چند ہمارے ہاں کئی فیشن برانڈز کام کرتے ہیں، لیکن اس شعبے میں جمالیاتی رنگ لڑکیوں اور خواتین کے ہاتھوں سرانجام پاتا ہے۔ پاکستان کے روایتی معاشرے میں وہی عورت سگھڑ کہلاتی ہے، جسے سلائی کڑھائی آتی ہے۔ اب تو کئی خواتین گھر بیٹھے سلائی کڑھائی کرکے آن لائن روزگار حاصل کررہی ہیں۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں پاکستانی ہنرمند خواتین کے ملبوسات کی بڑی مانگ ہے، چنانچہ فیشن ڈیزائننگ میں کیریئر محفوظ ملازمت کی ضمانت سمجھا جاسکتا ہے۔

فیشن ڈیزائننگ کی تعلیم و تربیت

پاکستان میں فیشن ڈیزائننگ کے حوالے سے کالج اور یونیورسٹی کی سطح پر تعلیم و تربیت دی جاتی ہے اور کئی تعلیمی ادارے فیشن ڈیزائننگ کے نام سے موسوم ہیں جہاں ڈپلوما،شارٹ کورسز سمیت اس شعبے میں دلچسپی رکھنے والے طلبا ایسوسی ایٹ، بیچلر اورماسٹر ڈگری حاصل کرسکتے ہیں۔ فیشن ڈیزائننگ کی تعلیم و تربیت کے تمام جدید مراحل پاکستانی درس گاہوں کے نصاب کا حصہ ہیں۔

یہاں آپ فیشن کی تجارت میں بھی ڈگری مکمل کرسکتے ہیں، جس میں تجارتی منصوبہ بندی ، فروخت ، صارفین کے رویے اور مارکیٹ ٹرینڈ کا ناقدانہ جائزہ پیش کرتے ہوئے ترقی کی راہیں ہموار کی جاتی ہیں۔ طلبا کسی بھی فیشن ڈیزائنر کے پاس انٹرن شپ یا فیشن ہاؤس میں رضاکارانہ طور پر کام کرکے تجربہ بھی حاصل کرسکتے ہیں۔

تخلیقی صلاحیت اور آرٹسٹک اسکلز

کیا آپ اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کی وجہ سے مشہور ہیں؟ کیا آپ فنون لطیفہ سے پیار کرتے ہیں؟ اگر آپ فیشن کی دنیا میں اپنی شناخت بنانا چاہتے ہیں تو تخلیقی صلاحیتوں کا ہونا لازمی ہے۔ آپ کا آرٹسٹک مائنڈ اور تخیل ایک عام سےکپڑے کےٹکڑےکو آرٹ میں تبدیل کرنے کیلئے ضروری جبلتیں فراہم کرسکتا ہے۔

ڈرائنگ کی بہترین صلاحیت

اگر آپ مصورانہ ذہانت کے مالک ہیںاور ڈرائنگ میں دسترس حاصل ہے تو آپ فیشن ڈیزائننگ کو کیریئر بنا سکتے ہیں۔ اگر اس صلاحیت میں کچھ کمی ہے تو کپڑوں کی اسکیچ ڈیزائننگ کا شارٹ کورس بھی کیا جاسکتا ہے۔

ٹیم ورک ، روابط اور کاروباری حِس

آج کی پیچیدہ دنیا میں آپ کو ٹیم کے طور پر کام کرتے ہوئے دوسروں کا مشورہ درکار ہوتا ہے، چاہے وہ زیورات کی ڈیزاننگ ہویا فٹ ویئر اور لباس کی تراش خراش کی۔ آپ کو اپنے نظریات ساتھیوں کے ساتھ بانٹنے ہوں گے اور انھیں تخلیقی عمل میں شامل ہونےکی ترغیب دینی ہوگی۔

اتنا ہی نہیں بلکہ اپنے ملبوسات کی فروخت کیلئے آپ کو روابط بھی بڑھانے ہوں گے اور متوقع خریدار کو قائل کرنا ہوگا کہ آپ کا ڈیزائن کیسے دوسروں سے منفرد ہے، تبھی آپ مسابقتی مارکیٹ میں اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا لوہا منواسکتے ہیں۔

مشاہدہ اور باریک بینی

اگر آپ کا مشاہدہ تیز ہے اور چیزوں کو باریک بینی سے پرکھنے کا ہنر جانتے ہیں تو یقین جانیے آپ کی روشن آنکھیں اور تیکھی نظریں فیشن ڈیزائننگ میں انفرادی کمال دکھا سکتی ہیں۔ فیشن ڈیزائنرز کو صرف اچھا فنکار ہونے کی ضرورت ہی نہیں ہوتی بلکہ باریک بینی اورتفصیلات کیلئے چشمِ بینا بھی چاہیے ہوتی ہے۔

آپ ویژولائزنگ اور ڈرائنگ میں اچھے کیوں نہ ہوں، مگر پھر بھی آپ کو لباس کی مکمل باریکیوںاور پیچیدہ تفصیلات کا خیال رکھنے کے قابل ہونا چاہئے۔ بہترین فیشن ڈیزائنرز کے پاس یہ حیرت انگیز صلاحیت ہوتی ہے کہ وہ کپڑے کو کاٹنے سے پہلے اس کی ساخت کا اندازہ لگالیتے ہیں۔