’پاک ترک دوستی مسلم بھائی چارے کی اعلیٰ مثال ہے‘

February 14, 2020

شوبز انڈسٹری سے عارضی کنارہ کشی اختیار اور اسلام کے مطابق زندگی گزارنے کا فیصلہ کرنے والے حمزہ علی عباس کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ترکی کی دوستی مسلم بھائی چارے کی اعلیٰ مثال ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر حمزہ علی عباسی نے وزیر اعظم عمران خان کی ترک صدر طیب اردوان کی پاکستان آمد کے موقع پر لی گئی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ان لیڈران سے انہیں بہت سی امیدیں وابستہ ہیں، خدا انہیں راہ راست پر چلائے اور رہنمائی و مدد کرے۔

یہ بھی پڑھیے: ترک صدر طیب اردوان کا پارلیمنٹ سے خطاب

حمزہ نے اپنے ٹوئٹ میں ترک زبان کا استعمال بھی کیا۔ انہوں نے ترک زبان میں پاکستان اور ترکی دونوں ملکوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ خدا ترکی اور پاکستان کا بھلا کرے ۔

انہوں نے اپنے پیغام میں ہیش ٹیگ ’PakTurkFriendship‘ کا استعمال بھی کیا۔

پاکستانی ٹوئٹر صارفین ہیش ٹیگ ’ErdoganInPakistan‘ کا استعمال کرتے ہوئے ترک صدر کا پاکستان میں خیر مقدم کر رہے ہیں اور اظہار تشکر بھی کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان دو روزہ سرکاری دورے پر وزیراعظم عمران خان کی دعوت پرگزشتہ روز پاکستان پہنچے ، نور خان ایئر بیس پر تر ک صدر کا استقبال وزیر اعظم عمران خان نے کیا۔

ترک صدر نے پارلیمنٹ ہاؤس کے مشترکہ اجلاس سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اُن کے لیے دوسرے گھر کا درجہ رکھتا ہے، کشمیر ہمارے لیے وہی ہے جو پاکستان کیلئے ہے۔