پیرس میں ٹیکس ورلڈ نمائش، پاکستانی کمپنیوں کی بھرپور شرکت

February 14, 2020

فرانس میں سال میں دو بار منعقد کی جانے والی ورلڈ ٹیکسٹائل نمائش کا آغاز ہوگیا ہے، پیرس میں ہونے والی اس نمائش میں 21 پاکستانی ٹیکسٹائل کمپنیاں بھرپور انداز میں شرکت کررہی ہیں۔

یورپ کی سب سے بڑی نمائش میں دیگر ملکوں کی کمپنیاں بھی اپنی معیاری صنعتی مصنوعات کے ساتھ شریک ہیں۔

نمائش میں شریک پاکستانی کمپنیوں نے اپنی اعلیٰ اور معیاری منصوعات کے اسٹال لگائے تاکہ انہیں یورپی ممالک میں متعارف کرواسکیں۔ پاکستان ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے کپڑے، تیارشدہ ملبوسات اور جینز بنانے والی کمپنیوں کو بھی اس نمائش میں شرکت کرنے کیلئے سہولتیں فراہم کی ہیں۔

فرانس میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے پاکستانی کمپنیوں کو اس اہم نمائش میں شرکت کرنے پر شاباش دی اور کہا کہ اس طرح کی نمائش میں شرکت سے انہیں اپنی منصوعات کو فروغ دینے میں مدد ملنے کے ساتھ ساتھ نئے کاروباری طریقہ کار سے بھی آگاہی حاصل ہو سکے گی۔

ٹیکس ورلڈ نمائش میں 24 ممالک کے 1700 نمائش کنندگان نے شرکت کی اور 113 ممالک کے 29000 سے زائد تاجروں، کاروباری شخصیات اور مصنوعات بنانے والوں کے نمائندوں کو اپنی مصنوعات کی طرف راغب کیا۔