پی آئی اے بورڈ نے ششماہی حسابات کی منظوری دے دی

February 14, 2020

پی آئی اے بورڈ نے ششماہی حسابات کی منظوری دے دی

قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نےایئر لائن کے ششماہی حسابات کے لیے منظوری دے دی۔

پی آئی اے بورڈ نے ان۔فلائٹ انٹرٹینمنٹ سسٹم کا ٹھیکہ ناتجربہ کار کمپنی کو بغیر گارنٹی 70 کروڑ روپے میں دینے پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے بورڈ نے ششماہی حسابات جنوری تا جون 2019 کی منظوری دی ہے۔

بورڈ کی منظوری کے بعد 2018ء کی پہلی ششماہی کے مقابلے میں 2019ء کی پہلی ششماہی کے حسابات کا جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 2019ء کی پہلی ششماہی میں تقریباً 38 ارب 90 روپے کا خسارہ ہوا جبکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں مجموعی خسارہ 15 فیصد بڑھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 2019ء کی پہلی ششماہی میں آمدنی 45 ارب روپے سے بڑھ کر 66 ارب روپے ہوئی، آپریشنز سے حاصل آمدنی 6 ارب سے بڑھ کر 14 ارب 28 کروڑ ہوگئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشنز سے پی آئی اے کی حاصل آمدنی اور خرچ مثبت زون میں آگیا اور آپریشنل خسارہ تقریباً 10 ارب روپے کم ہوکر 7 ارب 12 کروڑ روپے ہوگیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قدر بڑھنے سے نقصان میں تقریباً ڈیڑھ سو فیصد اضافہ ظاہر ہوا ہے، ڈالر کی قدر بڑھنے سے نقصان 14 ارب 60 کروڑ روپے ہو گیا، جبکہ شرح سود بڑھنے سے قرض کی ادائیگی میں 87 فیصد اضافہ کے بعد 15 ارب 87 کروڑ روپے ہوگئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کا فی شیئر نقصان 6 روپے 19 پیسے سے بڑھ کر 7 روپے 24 پیسے ہوگیا۔