اذان سمیع خان کا اپنے بچوں کے نام جذباتی پیغام

February 15, 2020

پاکستان میوزک انڈسٹری کے ابھرتے ہوئے گلوکار اور عدنان سمیع اور زیبا بختیار کے بیٹے اذان سمیع خان نے اپنی بیٹی کی سالگرہ کے موقع پر ایک تفصیلی مگر جذباتی اور احساسات سے بھرپور پیغام شیئر کیا ہے ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر انہوں نے پیغام جاری کرتے ہوئے کم عمری میں باپ بننے کی ذمہ داریوں کو واضح کیا اور بچوں کی اپنی زندگی میں اہمیت کے بارے میں بھی بتایا ۔


شیئر کردہ تصویروں کے کیپشن میں اذان سمیع خان نے لکھا کہ کیریئر کے آغاز میں سب مجھے سمجھاتے تھے کہ آپ اپنے کیریئر کے ابتدائی سالوں میں ہیں اپنی فیملی اور بچوں کے بارے میں زیادہ بات نہ کیا کریں، خاموش رہیں کیونکہ یہ آپ کے کیریئر پر اثر انداز ہوگا۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ایسے مشورے دینے والوں میں وہ بھی شامل ہیں جن کا میں بےحد احترام کرتا ہوں اور ان کی بات سنجیدگی سے لیتا ہوں۔

اذان سمیع خان کا کہنا تھا کہ سچ تو یہ ہے کہ میں ایسا کیسے کرسکتا ہوں وہ میرے بچے ہیں، مجھے متاثر کرتے ہیں۔

اپنے بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے گلوکار نے لکھا کہ تم لوگ ابھی یہ سمجھنے کے لیے بہت چھوٹے ہو لیکن ایک نہ ایک دن یہ پڑھوگے۔ میں تمہیں بتانا چاہتا ہوں کہ میں کام کرتا ہوں کیونکہ میں اپنے کام سے محبت کرتا ہوں اور اسے گزرے کل سے بہتر بنانا چاہتا ہوں۔

انہوں نے ایک باپ ہونے کی ذمہ داریوں کے بارے میں اپنے بچوں کو بتایا کہ ’میں جوان ہوں اور ابھی ایک باپ کی ذمہ داریاں سیکھ رہا ہوں، بعض اوقات غلطیاں کرتا ہوں لیکن وعدہ کرتا ہوں کہ ہر روزسب سے بہتر والد بننے کی کوشش کروں گا۔ ‘

اپنی بیٹی للّی کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے اذان نے انہیں بتایا کہ بابا آپ سے زیادہ سے زیادہ محبت کرتے ہیں، اگر آپ دونوں (بیٹا اور بیٹی ) 18 سال کی عمر کے بعد یہ پڑھ رہے ہیں تو میں امید اور دعا کرتا ہوں کہ نیوٹیلا اور کوکو پوپس والی اس دنیا میں یاد رکھیں گے کہ ہم دیسی ہیں۔ چائے ہمیشہ کافی سے بہتر ہوتی ہے۔

27 سالہ میوزک کمپوزر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر اذان سمیع خان نے 20 برس کی عمر میں اپنی بچپن کی سہیلی صوفیہ بلگرامی سے شادی کی تھی، ان کے دو بچے ہیں۔