لاہور: پولیو کے شکار 2 سگے بھائیوں کی والدین سے اپیل

February 15, 2020

لاہور: پولیو کے شکار 2 سگے بھائیوں کی والدین سے اپیل

لاہور سے تعلق رکھنے والے پولیو کے شکار 2 سگے بھائیوں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائیں اور اُنہیں معذوری سے بچائیں۔

لاہور کے محنت کش نذیر شاہ اور پولیو سے متاثرہ ان کے دو بیٹوں 23 سالہ ساجد اور 27 سالہ یاسین والدین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں تاکہ وہ عمر بھر کی معذوری سے بچ سکیں۔

پیکو روڈ کے رہائشی نذیر شاہ اپنے بیٹوں کو پولیو کے قطرے نہ پلانے پر آج بھی پچھتارہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکپتن کے آبائی گاؤں میں پولیو سے بچاؤ کےقطرے پلانے کا انتظام نہ تھا، بیٹوں نے قطرے پیے ہوتے تو آج پھلوں کی ریڑھی نہ لگاتے۔

ساجد اور یاسین معذوری کے باوجود اپنے آپ کو کسی سے کم نہیں سمجھتے، پھلوں کی ریڑھی سجانے سے بیچنے تک سارا کام خود کرتے ہیں۔

ساجد کا کہنا ہے کہ وہ اپنے والدکا ہاتھ بٹانے اور گھر چلانے کے لیے پھل بیچتا ہے، تمام والدین سے اپیل ہے کہ بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔

پولیو سے متاثرہ ساجد کرکٹ کا دیوانہ ہے اور کہتا ہے کہ پولیو کی وجہ سے ٹانگ کا مسئلہ نہ ہوتا تو آج قومی ٹیم کا حصہ ہوتا۔