خیبر پختونخوا حکومت کا صوبے کو پولیو فری بنانے کا عزم

February 15, 2020

خیبر پختونخوا حکومت کا صوبے کو پولیو فری بنانے کا عزم

خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ صوبے کو پولیو فری بنائیں گے، اس حوالے سے 5 روزہ انسداد پولیو مہم شروع کررہے ہیں۔

پشاور سے جاری ایک ویڈیو پیغام میں شوکت یوسفزئی نے کہا کہ 5 روزہ مہم میں 67 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گے۔

انہوں نے 5 سال سے کم بچوں کے والدین سے اپیل کی کہ سب اپنے بچوں کو انسداد پولیو کے 2 قطرے ضرور پلوائیں اور اس اہم ذمے داری میں اپنا حصہ ڈالیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پولیو بہت بڑی دہشت گردی ہے، خیبر پختونخوا حکومت کی کوشش ہے کہ پولیو دہشت گردی سے نجات حاصل کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ہم افغانستان اور نائیجیریا کی صف میں کھڑے ہیں، ہمیں ایک صحت مند قوم بننا ہے، پوری دنیا یہاں تک کے بھارت بھی اس سے نجات حاصل کرچکا ہے۔

شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان چاہتے ہیں کہ صوبہ پولیو فری بن جائے، 5 روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران قطرے نہ پلانے والے والدین کو منائیں گے کہ وہ اپنے بچوں کو مستقل معذوری سے بچائیں۔