اسپیشل افراد کے کوٹے پر عملدرآمد نہ ہونے پر نوجوان کا اقدام خودکشی

February 16, 2020

میرپورخاص(نامہ نگار) گلستان معذورین اور دستگیری بلائنڈ فاونڈیشن کے زیر اہتمام محمود صابری اور دیگر کی قیادت میں سرکاری ملازمتوں میں اسپیشل افراد کے کوٹے پر عمل درآمدنہ ہونے کےخلاف خصوصی نوجوانوں کی بڑی تعداد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کررہی تھی، مظاہرین نے پلے کارڈ اور بینر اٹھائے ہوئے تھے جن پر اسپیشل افراد کے کوٹے پر فوری عمل درآمد کیا جائے،خصوصی نوجوانوں کو باعزت زندگی گزارنے کا موقع دیا جائے اور دیگر مطالبات تحریر تھے، اسی دوران خصوصی موٹر سائیکل پر سوار 28 سالہ نوجوان معروف نے آہ وبکا کرتے ہوئے جیب سے پیٹرول سے بھری بوتل نکال کر خود پر پیٹرول چھڑک کر خودسوزی کرنے کی کوشش کی تاہم وہاں موجود افراد نے بروقت کوشش کرکے خود سوزی ناکام بنا دی، پیٹرول سے نوجوان کی آنکھیں متاثر ہوئی، نوجوان کو فوری طور پر سول اسپتال پہنچا دیا گیا۔