جیکب آباد : 5 سال قبل پولیس تشدد سے ہلاک نوجوان کے کیس کی سماعت

February 16, 2020

جیکب آباد(نامہ نگار) پانچ سال قبل مبینہ پولیس تشدد میں جاں بحق ہونے والے نوجوان مشتاق شیخ کے قتل کیس کی سماعت فرسٹ ایڈیشنل سیشن جج جیکب آباد ذوالفقار علی شیخ کی عدالت میں ہوئی جس میں نامز د ملزمان ڈی ایس پی رانا نصر اللہ،ایس ایچ اوز ایاز پٹھان،علی انور بروہی،اے ایس آئی اعجاز جکھرانی سمیت دیگر پیش ہوئے جبکہ قتل کیس کے مرکزی ملزم صوبائی مشیر اعجاز جکھرانی کے چچازاد اور مبینہ فرنٹ مین بلدیہ کے سابق چیئر مین عباس جکھرانی پیش نہ ہوئے جس پر جیل حکام نے بلدیہ چیئر مین کے پیش نہ ہونے کا عدالت میں لیٹر جمع کرایا جس کے بعد کیس کی سماعت 2مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔ واضح رہے کہ صوبائی مشیرخانہ جات اعجاز جکھرانی کی کوششوں سے وزارت داخلہ نے عباس جکھرانی کے جیکب آباد کے بنگلے کو سب جیل قرار دیا تھا جس کے بعد نیب کی جانب سے کرپشن کیس میں سکھر جیل میں قید عباس جکھرانی کو انکے بنگلے منتقل کیا گیا تھا جہاں سے انہیں عدالت پیش نہیں کیا گیا اس سلسلے میں جیل سپرنٹنڈنٹ جیکب آباد امتیاز شیخ نے بتایا کہ ملزم کو پیش کرنے کے لئے ضلع پولیس کو لکھا تھا دوسری جانب ضلع پولیس کے لائن آفیسر ملزم کو عدالت میں پیش نہ کرنے کے متعلق موقف تبدیل کرتے رہے۔