گنجان آبادیوں میں قائم بیکریاں، مضر صحت ایندھن کا استعمال، دھوئیں سےمکین بیمار

February 16, 2020

حیدرآباد (بیورو رپورٹ) حیدرآباد کی گنجان آبادیوں میں قائم بیکریاں امراض پھیلانے لگیں‘ آگ جلانے کے لیے لکڑی سمیت مضر صحت ایندھن کے استعمال کی وجہ سے دھو ئیں نے علاقہ مکینو ں کو کھانسی‘ دمے اور دیگر بیماریوں میں جکڑ لیا‘ ماحولیات کو آلودگی سے بچانے والا ادارہ تحفظ ماحولیات عملی اقدامات اٹھانے سے گریزاں‘ محض نوٹس کے اجراءتک ہی محدود ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق ضلع حیدرآباد کی مختلف گنجاں آبادی والے علاقوں میں بیکریاں قائم ہیں‘ پٹھان کالونی اور لیاقت کالونی ‘سائٹ‘قاسم آباد‘حسین آباد سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں200کے قریب بسکٹ اور کھانے پینے کی اشیاءبنانے والی ایسی بیکریوں میں آگ جلانے کے لیے لکڑی اور دیگر کیمیکل کا استعمال کیا جارہا ہے‘ بعد ازاں اخراج ہونے والا دھواں شہریوں کے لئے درد سر بنا ہوا ہے‘ جس کی وجہ سے شہری کھانسی‘ نزلہ اور دمے کی امراض میں مبتلا ہورہے ہیں۔گنجان آبادیوں میں قائم بیکریاں اپنا کام برسوں سے جاری رکھے ہوئے ہیں‘ لیکن متعلقہ حکام مذکورہ بیکریوں کے مالکان کے سامنے بے بس نظر آرہے ہیں جس کی وجہ سے شہری عذاب میں مبتلا ہوکر رہ گئے ہیں۔ ذارئع نے بتایا ہے کہ گنجان آبادیوں میں قائم بیکریوں میںبننے والی اشیاءنسانی صحت کے لئے مضر ہیں کیونکہ وہاں پر صفائی کا نظام نہ ہونے کے برابر ہے اور اشیاءمیں غیرمعیاری سامان استعمال کیا جارہا ہے۔