کسی ایوارڈ شو کی وجہ سے وی لاگنگ نہیں چھوڑی، عرفان جونیجو

February 16, 2020

معروف پاکستانی یوٹیوبر عرفان جونیجو کا کہنا ہے کہ اُنہوں نے کسی ایوارڈ شو کی وجہ سے وی لاگنگ چھوڑنے کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔

گزشتہ دِنوں یوٹیوب پر اپنی ایک ویڈیو کے ذریعے وی لاگنگ چھوڑنے کا اعلان کرنے والے پاکستانی یوٹیوبر عرفان جونیجو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انسٹاگرام اسٹوری شیئر کی۔

عرفان جونیجو نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ ’ہیلو ڈیئرز! گزشتہ کچھ دِنوں سے آپ سب کے میرے لیے نیک پیغامات آرہے ہیں جس کے لیے میں آپ سب کا شکر گزار ہوں۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’آپ سب کے پیغامات دیکھ کر مجھے واقعی بہت خوشی ہوئی ہے کہ میری زندگی میں بھی ایسے لوگ موجود جو مجھ سے اتنا پیار کرتے ہیں۔‘

یوٹیوبر نے لکھا کہ ’میں آپ سب کو الگ الگ تو جواب نہیں دے سکتا ہوں لیکن یہاں میں آپ سب کے سامنے ایک کہانی بیان کروں گا۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’میرے وی لاگنگ چھوڑنے کے فیصلے کا تعلق کسی بھی ایوارڈ شو سے نہیں ہے اور نہ ہی میں اِس معاملے میں جذباتی ہوں۔‘

عرفان جونیجو نے لکھا کہ ’میں بس اپنی صحت پر توجہ دینے کے لیے کچھ وقت کے لیے یوٹیوب سے دور رہنا چاہتا ہوں۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’میں جلد ہی ایسے چیزیں بنا کر واپس آؤں گا جس سے مجھے خوشی ملتی ہے لیکن بدقسمتی سے وہ روزانہ کی بنیاد پر بننے والے عام وی لاگنگ نہیں ہوں گے۔‘

آخر میں اُنہوں نے لکھا کہ ’آپ کی دُعاؤں کا طلب گار، آپ کا بھائی۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ دِنوں پاکستان کے مشہور یوٹیوبر اور وی لاگر عرفان جونیجو نے اپنے یوٹیوب چینل پر ’آئی کوئٹ‘ (I Quit) کے عنوان سے ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں اُنہوں نے اِس بات کا اعلان کیا تھا کہ وہ اب وی لاگنگ نہیں کریں گے۔

عرفان جونیجو کے اِس اعلان کے بعد معروف اداکار عمران اشرف نے اُن کے لیے سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کیا تھا جس میں اُنہوں نے لکھا تھا کہ ’نہیں بھائی وی لاگنگ نہیں چھوڑنا، مجھے معلوم ہے کہ انزائٹی بہت خطرناک چیز ہےلیکن اللّہ بڑا مہربان ہے۔‘

عمران اشرف نے لکھا تھا کہ ’آپ ایک بار میرے کہنے پر وی لاگنگ نہ چھوڑیں اور اپنا یقین اللّہ پر چھوڑدیں، یقین کریں جیت آپ کی ہوگی۔‘