داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کے میگا ایونٹ NPC'20 کی تیاریاں جاری

February 17, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کےوائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے کہا ہےکہ جامعہ کے میگا ایونٹ نیشنل پروجیکٹ کمپٹیشن (NPCʼ20)کی تیاریاں جاری ہیں ، 22اور 23فروری کو ہونےوالے ملک گیر پروجیکٹ مقابلوں میں ملک بھر سے یونیورسٹیز حصہ لیں گی جن میں نسٹ ، بحریہ ، نیشنل کالج آف آرٹس لاہور، این ای ڈی ، مہران یونیورسٹی ، کیوسٹ ، ہمدرد ، یو آئی ٹی ، جامعہ کراچی ، آغا خان ، ضیاء الدین ، جناح یونیورسٹی برائے خواتین ، ماجو ، آئی آئی ای ای ، ڈاؤ یونیورسٹی ہیلتھ سائنسز ، لیاقت یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز ، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکسلا اور دیگر شامل ہیں ۔ وائس چانسلر کا مزید کہنا ہے کہ ملک بھر کی یونیورسٹی کے ہنر مند طلبہ و طالبات کے پروجیکٹ اور پوسٹرز مقابلے میں پیش کئے جائیں گے اور 100سے زائد بہترین آئیڈیاز بھی پیش ہوں گے۔پروجیکٹ مقابلوں کے فاتحین کا تعین کرنے کیلئے انڈسٹری اور اکیڈمیا سے معروف شخصیات جیوری ہوں گی۔