کراچی یونیورسٹی، جاپانی سکھانے کا پروگرام شروع کیا جائیگا، ڈاکٹر خالد عراقی

February 17, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالدعراقی نے کہا ہے کہ کراچی یونیورسٹی جاپان قونصلیٹ کے ساتھ مل کر جاپان جانے کے خواہشمند نوجوانوں کے لیے جاپانی زبان سکھانے کا پروگرام شروع کرے گی تاکہ جاپان جانے کی بنیدادی شرط یعنی جاپانی زبان سے واقفیت پر پورا اترا جاسکے۔ یہ بات انھوں نے پاک جاپان بزنس کونسل اور جاپان انٹرنیشنل پریس کلب کی جانب سے منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی ، ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا حکومت جاپان کی جانب سے تین لاکھ ساٹھ ہزار افراد کو ملازمت کے ویزے پر جاپان آنے کی اجازت پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری اور سنہرے مستقبل کا بہترین موقع ہے جہاں ملازمت کے زریعے نہ صرف اپنے اہل خانہ کی زندگی تبدیل کی جاسکتی ہے بلکہ پاکستان کی معیشت میں بھی اہم کردار ادا کیا جاسکتا۔ اس موقع پر جاپان کے کراچی میں ڈپٹی قونصل جنرل کاتسونوری اشیدا نے کہا کہ جاپان پاکستان کے ساتھ گہرے دوستانہ تعلقات رکھتا ہے یہی وجہ ہے کہ جن نو ممالک کو ابتدائی طور پر لیبر منصوبے میں شامل کیا گیا ہے اس میں پاکستان بھی شامل ہے ہم چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ لوگ معیار پر پورا اترتے ہوئے جاپان جائیں اور نہ صرف جاپان بلکہ پاکستان کی معیشت میں بھی بہترین کردار ادا کریں، جاپانی ڈپٹی قونصل جنرل نے مزید کہا کہ انھیں خوشی ہے کہ پاک جاپان بزنس کونسل اور جاپان انٹرنیشنل پریس کلب جیسی تنظیمیں پاکستان اور جاپان کے درمیان تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں ، اس موقع پر پاک جاپان بزنس کونسل سندھ کے ڈائریکٹر اشفاق احمد ، اور صدر رانا عابد حسین اور جاپان انٹرنیشنل پریس کلب کے صدر عرفان صدیقی نے بھی خطاب کیا۔