ملک بھر میں 5 روزہ پولیو سے بچاؤ مہم کا آغاز

February 17, 2020

ملک بھر میں پولیو سے بچاؤ کی 5 روزہ مہم آج سے شروع کردی گئی

ملک بھر میں پولیو سے بچاؤ کی 5 روزہ مہم آج سے شروع کردی گئی ہے، مہم کےدوران لاکھوں بچوں کو اپاہج ہونے سے بچانے کے لیے پولیو کے قطرے پلائیں جائیں گے۔

پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں پولیو سے بچاؤ کی مہم شروع ہوگئی ہے، 21 فروری تک جاری رہنے والی مہم میں لاکھوں بچوں کو اپاہج ہونے سے بچانے کے لیے پولیو کے قطرے پلائیں جائیں گے، بلوچستان کے 2 اضلاع سبی اور ہرنائی میں مہم سبی میلےکی وجہ سے مؤخر کر دی گئی ہے۔

سرگودھا ڈویژن میں بھی 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، کمشنر سرگودھا نے بتایا کہ مہم کے دوران 13 لاکھ 97ہزار 532 بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائے گی، ویگن اڈوں اور ریلوے اسٹیشنوں پر بھی مسافر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کیلئے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔

گوجرانوالہ میں بھی آج سےپولیومہم شروع کی گئی ہے، انتظامیہ کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر ان کے علاقے میں پولیو ٹیم نہ پہنچے تو فری ہیلپ لائن 1166 پر شکایت درج کرائی جاسکتی ہے۔

خیبرپختون خوا کے ضلع بنوں میں پولیو مہم کے دوران 2 لاکھ 38 ہزار 604 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، اس موقع پر سیکیورٹی کے لیے 906 پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں ۔

بلوچستان کے31اضلاع میں بھی انسدادپولیو مہم کے تحت 25لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، مہم میں تقریبا10ہزارٹیمیں حصہ لیں گی، سبی میلےکی وجہ سےسبی اور ہرنائی میں مؤخر کی گئی انسداد پولیو مہم 2 مارچ سے شروع کی جائے گی ۔