’یورپی یونین بھارت مذاکرات میں مسئلہ کشمیر اٹھائے‘

February 17, 2020

یورپی یونین بھارت سے اپنے مذاکرات میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کا مسئلہ اٹھائے۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہا ہے کہ یورپی یونین بھارت کے ساتھ اپنے مذاکرات میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کا مسئلہ اٹھائے۔

انہوں نے بھارتی وزیرخارجہ کے یورپی حکام سے مذاکرات کے موقع پر کہا کہ بھارتی افواج نے سات ماہ سے مقبوضہ کشمیر کا محاصرہ کیا ہوا ہے اور وہاں کے مظلوم لوگوں کے بنیادی شہری حقوق بری طرح پامال ہورہے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیرخارجہ سوبراھمنیم جےشنکر آج پیر کے روز یورپی ہیڈکوارٹرز برسلز میں یورپی حکام سے مذاکرات کررہے ہیں جس میں وہ وزیراعظم نریندرا مودی کی آئندہ ماہ کے یورپی قیادت سے بات چیت کے ایجنڈے کو حتمی شکل دیں گے۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے زور دے کر کہاکہ یورپی حکام مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو رکوانے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔

علی رضا سید نے مزید کہاکہ سات ماہ کے محاصرے کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں، مواصلاتی رابطہ محدود اور لوگوں کو خوراک و ادویات کی قلت کا سامنا ہے۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یونے کہاکہ اب تو متعصب مودی حکومت نے بھارت میں رہنے والی اقلیتوں اور معتدل طبقات کو بھی متنازعہ شہریت بل کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یورپی یونین کے اعلیٰ عہدیدار بھارت کے ساتھ مذاکرات میں انسانی حقوق پر ترجیحی بنیادوں پر بات کریں گے۔چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ کشمیری عوام گذشتہ سات دہائیوں سے بھارتی مظالم کا سامنا کررہے ہیں۔

خاص طور پر گذشتہ سال سے مقبوضہ وادی میں کرفیو، گرفتاریوں اور دیگر ظلم و ستم کا سلسلہ بڑھ گیا ہے ۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای علی رضا سید نے مزید کہاکہ کہ بھارت بڑے پیمانے پر کشمیریوں پر مظالم میں ملوث ہے اور اس نے گذشتہ سال جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے ان بھیانک مظالم کی انتہا کردی ہے۔

انہوں نے کہاکہ عالمی برادری خصوصاً یورپی یونین کو چاہیے کہ اپنے مشنز مقبوضہ وادی روانہ کریں، دنیا کی بڑی طاقتیں فوری طور پر آگے آئیں اور کشمیریوں پر بھارتی مظالم کو روکیں، مقبوضہ خطے سے بھارتی فوجوں کو واپس کیا جائے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوایا جائے۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم مودی تیرہ مارچ کو برسلز میں یورپی حکام سے بات چیت کرنے کے لیے برسلز کا دورہ کریں گے۔کشمیرکونسل ای یو نے بھارتی وزیراعظم کے دورہ بلجیم کے دوران برسلز میں احتجاجی مظاہرے کی کال دی ہوئی ہے۔