حقوق انسانی کا تحفظ ایجنڈے پر سر فہرست ہوگا، یورپی یونین

February 17, 2020

انسانی حقوق کا تحفظ یورپین یونین کے ایجنڈے میں سر فہرست رہے گا۔ یہ بات یورپین کونسل کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہی گئی ہے۔

یورپین کونسل کی جانب سے پیر کو برسلز سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یورپین یونین نے 2020 میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے اجلاس میں یونین کی ترجیحات کے بارے میں حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق اقوام متحدہ کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر جس کے ذریعے یو این چارٹر پر باقاعدہ عملدرآمد شروع ہوا، یورپین یونین اپنے اس عزم کی تصدیق کرتا ہے کہ وہ اصولوں کی بنیاد پر قائم انٹرنیشنل آرڈر پر یقین رکھتا ہے، جہاں انسانی حقوق کا تحفظ اس کا اہم حصہ ہے۔

اسی کے ساتھ یورپین یونین انسانی حقوق کے تحفظ کے اپنے وعدوں کی تکمیل کیلئے تمام دستیاب وسائل بھی استعمال کرے گی۔

اعلامیے کے مطابق یونین اقوام متحدہ کے اداروں کے فریم ورک کے تحت آنے والی تمام انسانی حقوق کی پامالیوں کی بھرپور مذمت کرتی ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق کی اپنی ترجیحات جس میں سزائے موت اور تشدد کی مخالفت، جوابدہی کے تصور کے فروغ، بنیادی آزادیوں کا تحفظ، انسانوں میں عدم تفریق، بچوں کے حقوق اور دنیا بھر میں انسانی حقوق کے محافظوں کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔ جبکہ انسانی حقوق 2020 میں سارا سال یورپین خارجہ امور میں اولیت کے حامل ہوں گے۔

یاد رہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے لئے یورپین یونین کی ترجیحات کے بارے میں کونسل کے نتائج سالانہ طور پر اپنائے جاتے ہیں۔ انہی نتائج پر یورپین یونین اپنے عملی اقدامات کے اہم خطوط وضع کرتی ہے۔