کیماڑی سے آنے والی بو کی وجہ معلوم کی جائے، مراد علی شاہ

February 18, 2020

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ افسوس کی بات ہے فضا میں بدبو کم نہیں ہورہی، پہلے وجہ معلوم کریں پھر ریلوے کالونی سے ضرورت کے تحت انخلا کریں، متاثرہ علاقوں سے عوام کو شادی ہالوں میں شفٹ کیا جائے۔

وزیراعلی سندھ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ پورٹ پر موجود کنٹینر میں جو کچھ بھی ہے چیک کرایا جائے، جس پر کمشنر کراچی نے بتایا کہ کنٹینر سے آف لوڈنگ بند کرا دی ہے۔

علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ سندھ نے کیماڑی کے نجی اسپتال اور ملحقہ علاقوں کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ بھی لیا، زہریلی گیس سے متاثرہ افراد کی عیادت اور علاج کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ مریضوں کو جناح اور سول اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

ادھر ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناح اسپتال سیمی جمالی نے کہا ہے کہ کراچی کے جناح اسپتال میں کیماڑی میں زہریلی گیس سے متاثرہ 25 افراد لائے گئے ہیں۔

واضحرہے کہ کراچی کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 8 ہوگئی، متعلقہ ادارے 24 گھنٹے سے زائد گزرنے کے بعد بھی گیس کے اخراج کی وجہ معلوم کرنے میں ناکام ہیں۔