گیس سے متاثر500 کے قریب افراد اسپتال لائے گئے، ڈاکٹر سیمی جمالی

February 18, 2020


ڈاکٹر سیمی جمالی کی جیو نیوز کے مارننگ شو ’ جیو پاکستان‘ میں گفتگو

جناح اسپتا ل کراچی کی ایگزیکیٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز گیس سے متاثر تقریباً 500 کے قریب افراد اسپتال لائے گئے۔

ڈاکٹر سیمی جمالی نے جیو نیوز کے مارننگ شو ’ جیو پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران کہا کہ کراچی کے علاقے کیماڑی سے خارج ہونے پر اسرار گیس سے گزشتہ روز 500 افراد اسپتال میں لائے گئے جبکہ جیکسن کیماڑی سے جو لوگ لائے گئے تھے ان میں بچے بھی شامل تھے۔

ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہناہے کہ یہ پر اسرار گیس ہائیڈروجن سلفائیڈ گیس نہیں ہوسکتی کیوں کہ اس سے چبھن زیادہ ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ کراچی کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 9 ہوگئی جبکہ مزید 20 سے زائد متاثرہ شہری اسپتال پہنچ گئے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ زہریلی گیس کا اخراج یا تو جاری ہے یا پھر فضا میں اس کے مہلک اثرات پہلے کی طرح موجود ہیں۔

متاثرہ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت انہیں اس مشکل سے نکالنے کیلئے فوری اقدامات کرے۔