نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا ہوگا، انتونیو گوتریس

February 18, 2020

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا لاہور میں لمز کی تقریب سے خطاب

پاکستان کے دورے پر آئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس لاہور کی لمز یونیورسٹی پہنچ گئے جہاں انہوں نے اقوام متحدہ میں 21 ویں صدی کے نوجوانوں کے کردار کے عنوان سے منعقدہ سیمینار میں شرکت کی اور وہاں شرکاء سے خطاب بھی کیا۔

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ21 ویں صدی میں نوجوانوں کا اقوام متحدہ میں اہم کردار ہو گا، کچھ نوجوان سمجھتے ہیں کہ 50 سال پہلے کا دور اچھا تھا۔

انتونیو گوتریس نے کہا کہ انسانی حقوق کے تحفظ اور ترویج میں نوجوان نسل اہم کردار ادا کر سکتی ہے، نوجوانوں کو قومی اور سیاسی ڈھانچے میں اوپر لانے کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اداروں کے درمیان ڈائیلاگ کا ہونا ضروری ہے، دنیا بھر میں آج کا سب سے بڑا مسئلہ ماحولیاتی آلودگی ہے۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلے کرنے ہوں گے، پلاسٹک بیگز سمندر میں آلودگی کا باعث بنتے ہیں۔

مساوات اور عدم مساوات کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ افراد اور ملکوں میں مساوات قائم کرنا آسان بات نہیں، عالمی سطح پر بھی ملکوں میں مساوات نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا پاک فوج سے اظہارِ تشکر

اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے انتونیو گوتریس نے مزید کہا کہ سلامتی کونسل کے صرف 5 ملکوں کے پاس ویٹو پاور ہے، دنیا کے صرف 5 ممالک کے پاس ویٹو پاور ہونا عدم مساوات ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ افراد اور ملکوں میں مساوات قائم کرنا آسان نہیں طویل عمل ہے، طاقت دی نہیں جاتی بلکہ لی جاتی ہے، میں نے کشمیر کی بات بھی کی، بنیادی انسانی حقوق کا احترام ہر جگہ ہونا چاہیے۔

تقریب میں نوجوانوں کے کردار پر طلباء کے ساتھ سوالات جوابات کا سیشن بھی رکھا گیا تھا، جبکہ سیمینار کے آخر میں سیکریٹری جنرل اقومِ متحدہ نے جنریشن ان لمیٹڈ پاکستان پر ویڈیو بیان بھی ریکارڈ کروایا۔