کرینہ کپور کے بالی ووڈ میں 20 سال مکمل

February 18, 2020

بھارتی فلم اسٹار کرینہ کپور کے بالی ووڈ کی دُنیا میں 20 سال مکمل ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سال 2000 میں فلم ’ریفیوجی‘ سے بالی ووڈ میں اپنے فلمی کرئیر کا آغاز کرنے والی معروف بھارتی اداکارہ کے فلم انڈسٹری میں 20 سال مکمل ہوگئے ہیں۔ اِس موقع پر کرینہ کپور نے کہا کہ ’فلمی دُنیا میں 20 سال پورے ہونے پر وہ بہت زیادہ خوش ہیں۔‘

کرینہ کپور نے کہا کہ ’میں آج بہت خوش ہوں کیونکہ میں جو کام کرنے کی خواہش رکھتی تھی میں نے وہ کام کیا ہے۔‘

اُنہوں نےکہا کہ ’میں چاہتی ہوں کہ میں ساری زندگی اپنا یہ کام جاری رکھوں لیکن یہ مشکل ہوگا۔‘

بھارتی فلم اسٹار نے کہا کہ ’میرے لیے پُوری زندگی اداکاری جاری رکھنا مشکل ہے کیونکہ لوگ کہتے ہیں کہ اداکاراؤں کے پاس ’خود غرض زندگی ‘ ہوتی ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’بالی ووڈ میں میری دو دہائی گُزری ہیں اور اِسی دوران میری شادی ہوئی، میں ایک بیٹے کی ماں بنی اور اِس سب میں لوگوں نے مجھے پیار دیا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میرے مداحوں نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا اور میں آج جو کچھ بھی ہوں اپنے مداحوں کی وجہ سے ہوں، اِس پر میں اُن کا جتنا شکر ادا کروں گی اُتنا کم ہے۔‘

کرینہ کپور نے اپنے شوہر سیف علی خان کے حوالے سے کہا کہ ’میرے شوہر سیف علی خان کبھی مجھ سے یہ نہیں پوچھتے کہ کون سی فلم کر رہی ہو یا کون سی فلم نہیں کر رہی ہو، وہ میرے ہر فیصلے میں میرا ساتھ دیتے ہیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’سیف بس مجھ سے یہ پوچھتے ہیں کہ تُم کب گھر پر رہوگی؟ کیونکہ میرے شوہر کو میرے ساتھ وقت گُزارنا اچھا لگتا ہے۔‘

دوسری جانب کرینہ کپور اِن دِنوں بھارتی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، اِس فلم میں کرینہ کپور اور اداکار عامر خان مرکزی کردار ادا کریں گے۔

فلم کے حوالے سے کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ ’کاش مجھے ہمیشہ اپنے ساتھی اداکار عامر خان کے ساتھ ہی کام کرنے کا موقع ملے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں عامر خان کا بہت احترام کرتی ہوں اور مجھے اُن کے ساتھ کام کرنا اچھا لگتا ہے۔‘