دنیا میں 800 پاکستان میں 60 کھیل کھیلے جاتے ہیں، حاکم علی تالپور

February 19, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایچ ای سی کے ریجنل ڈائریکٹر حاکم علی تالپور نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں 800 سے زائد کھیل کھیلے جاتے ہیں، جن میں سے 200کھیل گلوبلی کھیلے جاتے ہیں، جب کہ پاکستان میں صرف 60کھیل کھیلے جاتے ہیں، جن میں سے صرف 30سے 35کھیل قومی طور پر کھیلے جاتے ہیں، کھیل ہماری صحت مند زندگی میں بنیادی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں، جن کی مدد سے ہم ایک صحت مند قوم بنانے میں کامیاب ہوسکتے ہیں،، یہ بات انہوں نے ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے سالانہ اسپورٹس ویک کی تقریب تقسیم ِ انعامات میں بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر تقریب میں پرو وائس چانسلر پروفیسرزرناز واحد، رجسٹرار پروفسیر امان اللہ عباسی، ڈاؤ میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر امجد سراج میمن، ڈائریکٹر اسپورٹس سید مکرم علی اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔حاکم علی تالپور نےکہا کہ ڈاؤ یونیورسٹی نے طلبا کے لیے اپنی روایت کے مطابق اسپورٹس ویک کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا، اس روایت کامقصد طلبا میں اسپورٹس اسپرٹ پیدا کرنا ہے، تاکہ ہم ایک صحت مند قوم اور بہترین ماحول قائم کرسکیں۔