کراچی نے پی ایس ایل کو بہت سپورٹ کیا، احسان مانی

February 19, 2020

کراچی نے پی ایس ایل کو بہت سپورٹ کیا، احسان مانی

پاکستان کر کٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ کراچی نے پچھلے سال خوب سپورٹ کیا، یہاں پر افتتاحی میچ منعقد کرنا پی ایس ایل کی سپورٹ کا اعتراف ہے، جبکہ اگلے برس پشاور میں بھی پی ایس ایل کے میچز ہوںگے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کی ٹرافی کی تقریب رونمائی ہوئی۔

اس موقع پر چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ہم نے گیارہ ماہ قبل اعلان کیا تھا کہ پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اور کراچی نے ہمیشہ پی ایس ایل کو سپورٹ کیا اور اس سال پاکستان میں بہت کرکٹ بھی ہوئی ہے۔

احسان مانی نے کہا کہ پی ایس ایل فائیو پاکستانی کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ ہے، اتنا بڑا ایونٹ پہلے نہیں ہوا، بڑی تعداد میں غیر ملکی پلیئرز کی آمد سے غیر ملکی ٹیموں کا بھی اعتماد بحال ہوگا۔

دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے مالک ندیم عمر نے کہا کہ پی سی بی کو شاباش دیتے ہیں کہ اس نے کرکٹ واپس لانے کے لیے بہت محنت کی آج بہت بڑا دن ہے اور اس موقع پر سب لوگ خوش ہیں، سب دعا کریں کہ اچھی طرح لیگ مکمل ہو۔

ندیم عمر نے کہا کہ امید ہے پشاور کی طرح کوئٹہ میں بھی پی ایس ایل کے میچز ہوں گے جبکہ اسپرٹ آف کرکٹ کو برقرار رہنا ضروری ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل جب شروع ہوا تھا تو مشن سب کا یہی تھا کہ پاکستان میں کرکٹ واپس لائی جائے جبکہ پاکستان سپر لیگ جتنی جلدی کامیاب ہوئی اور جتنی کامیابی حاصل کی وہ خوش آئند ہے۔

علی نقوی نے کہا کہ ملک کی ترقی میں ہیروز کا ہونا بہت ضروری ہے جبکہ اگر ماضی کے ہیروز کو عزت دیں گے تو نئے لوگ بھی ہیرو بنیں گے یہ ہمارے لیے بہت بڑا لاجسٹک چیلنج ہے۔

لاہور قلندر کے سی ای او عاطف رانا نے کہا کہ پی سی بی کی کاوش کے بغیر یہ لیگ ممکن نہیں ہوسکتی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاہور قلندرز کی ٹیم پہلی بار اپنے ہوم گراونڈ پر کھیل رہی ہے، جب لیگ پاکستان میں نہیں تھی تب بھی قلندرز نے شہر شہر اس لیگ کو زندہ رکھا۔

عاطف رانا کی درخواست پر تمام اونرز نے کھڑے ہوکر احسان مانی کا شکریہ ادا کیا۔

احسان مانی نے کہا کہ یہ میری وجہ سے نہیں، یہ ٹیم ورک ہے، پی سی بی اسٹاف کا کام ہے، فنانشل ماڈل پر مل کر کام کر رہے ہیں اور فرنچائز اونرز کے تحفظات دور کرنے کے لیے کام کریں گے۔