لاہور میں خاکروب کی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری

February 19, 2020

لاہور میں خاکروب کی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری

لاہور میں صفائی کرنے والے عملے کی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری رہی، 2 دن سے کوڑے کرکٹ کے ڈھیر سڑکوں پر پڑے رہنے کی وجہ سے تعفن اُٹھنے لگا، شہریوں کا کہنا ہے کہ ان کے شہر کو نہ جانے کس کی نظر لگ گئی، لاہور کو فلتھ ڈپو میں بدل کر رکھ دیا گیا۔

لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ملازمین تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر 2 دن سے ہڑتال پر ہیں جس کی وجہ سے انارکلی، اردو بازار، بھاٹی گیٹ، پانی والا تالاب، میواسپتال چوک، لکشمی چوک، نسبت روڈ، ایبٹ روڈ، میکلوڑ روڈ اور دیگر علاقوں میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیرلگ گئے۔

عملے کی ہڑتال کے باعث شہر کے کوڑے دان بھی کچرے سے اَٹ چکے، اردگرد بھی کوڑا بکھرا ہوا ہے، شہری گندگی اور بدبو کی وجہ سے پریشان ہیں ان کا کہنا ہے کہ ان کے شہر کو کسی کی نظر لگ گئی ہے ہمارا لاہور ایسا ہر گز نہیں تھا۔

لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ملازمین کا کہنا ہے کہ تنخواہیں ملنے تک کام نہیں کریں گے، حکومت اس سلسلے میں فنڈز جاری کرے۔