پی ایس ایل میں حصہ لینے والی ٹیموں کے مالکان کا پی سی بی کو خراج تحسین

February 19, 2020


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن میں حصہ لینے والی ٹیموں کے مالکان ایونٹ کے پاکستان میں انعقاد پر خوش ہیں اور اسے یادگار بنانے کا عز م کیے ہوئے ہیں۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل کی ٹیموں کے مالکان جن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر، لاہور قلندرز کے سی ای او رانا عاطف سمیت اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے اونرز نے پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں کروانے پر پی سی بی کو خراج تحسین پیش کیا۔

پی ایس ایل ٹیم لاہور قلندرز کے سی ای او رانا عاطف کا کہنا تھا کہ قلندرز کی ٹیم پہلی بار اپنے ہوم گراؤنڈ پر پی ایس ایل میچز کھیلے گی، اس بار قلندرز میں چالیس فیصد پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام کے کھلاڑی شامل ہیں جس کا نتیجہ لیگ میں بھی نظر آئے گا۔

کراچی میں پی ایس ایل ٹرافی کی رونمائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اونر ندیم عمر کا کہنا ہے کہ پشاور کے بعد کوئٹہ میں بھی پی ایس ایل میچز کروائے جائیں۔

لاہور قلندز کے سی ای او عاطف رانا کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی کاوش کے بغیر یہ ممکن نہ تھا کہ پوری لیگ پاکستان میں ہوتی، جب لیگ پاکستان میں نہیں تھی تو لاہور قلندرز نے شہر شہر اس لیگ کو اپنے پروگرام کے تحت ایکٹیو رکھا تھا، آج اس پروگرام کے اکثر کھلاڑی لاہور قلندرز کی ٹیم کا حصہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کے پلیئرز ڈیولپمنٹ پروگرام کے اثرات پاکستان کرکٹ میں نظر آرہے ہیں، پہلے لوگوں نے اس پر تنقید کی لیکن آج ہر کوئی اس کا متعرف ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ جو قدم اٹھایا گیا تھا وہ مثبت تھا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کو پوری لیگ پاکستان میں کروانے پر شاباشی دی اور کہا کہ یہ پاکستان کرکٹ کیلئے بڑا دن ہے، جس پر سب خوش ہیں، امید ہے جلد کوئٹہ میں بھی پی ایس ایل کے میچز ہوں گے کیوں کہ وہاں بھی لوگوں کو پاکستان سپر لیگ کے میچز کی بھوک ہے۔

اس موقع پر گفتگو میں پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پشاور میں پی ایس ایل میچز کے انعقاد کے اعلان پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ دعا ہے کہ پی ایس ایل کا انعقاد خوش اسلوبی سے ہو۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے اونر علی نقوی نے کہا کہ لیگ نوجوانوں کے پاس ہیروز سے متاثر ہوکر مستقبل کے ہیرو بننے کا اچھا موقع ہے۔

ملتان سلطانز کے عالمگیر ترین نے کہا کہ لیگ کے پاکستان میں انعقاد کو کامیاب بنانے کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔