مصباح سے متعلق سوالات کے باؤنسر سرفراز ڈک کرگئے

February 20, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کے حوالے سے براہ راست سوالات کا باؤنسر ڈک کردیا لیکن تسلیم کیا کہ پاکستان سپر لیگ اہم ہے، اچھی کارکردگی دکھائی تو بہت ساری چیزیں ٹھیک ہوجائیں گی۔ بدھ کی شام پریس کانفرنس میں ان سے پوچھا گیا کہ مصباح الحق کی وجہ سے آپ ٹیم سے ڈراپ ہوئے اب پی ایس ایل کا افتتاحی میچ ان کے خلاف کھیل رہے ہیں۔ کیا مصباح کے سامنے اپنی کارکردگی منوانا چاہتےہیں۔ سرفراز احمد نے کہا کہ میں کسی کے سامنے کچھ نہیں منوانا چاہتا ۔ ون ڈے کرکٹ کی کپتانی سے متعلق سوال پر کہنا تھا کہ میری کپتانی کو رہنے دیں، صرف پاکستان سپر لیگ پر سوال کریں۔ انہوں نے کہا کہ چار سال سے بہترین کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ کوشش ہے کہ اعزاز کا دفاع کرینگے۔ جو کھلاڑی پاکستان آرہے ہیں، ان کا تاثر بدل رہا ہے۔ جہانگیر خان سے فٹنس ٹپس لے رہے تھے ،انہوں نے کہا کہ وہ 10 میل بھاگا کرتے تھے، ہم ایک کلومیٹر کا ٹیسٹ دیتے ہیں۔ بھول گئے کب دس میل کا چکر لگایا ۔ انہوں نے کہا کہ نسیم شاہ کی فٹنس پر کام ہورہا ہے۔ ٹیم میں شین واٹسن اور جیسن رائے اوپن کرینگے۔ احمد شہزاد تیسرے نمبر پر آئیں گے۔ سرفراز احمد نے کہا کہ دفاعی چیمپئن کاپریشر ہے ۔