ٹیم مالکان پی سی بی چیف احسان مانی کی خدمات کے معترف

February 20, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز کے مالک عاطف رانا نے پی سی بی چیئرمین احسان مانی کی پاکستان کرکٹ کی خدمات کی تعریف کی اور تمام مالکان کو کہا کہ کھڑے ہوکر انہیں خراج تحسین پیش کریں۔ جس پر فرنچائز مالکان نے کھڑے ہوکر انکی پاکستان کرکٹ کی خدمات کی واشگاف الفاظ میں تعریف کی۔ لاہور قلندرز کے سی ای او رانا عاطف کا کہنا ہے کہ قلندرز کی ٹیم پہلی بار اپنے ہوم گرائونڈ پر پی ایس ایل میچز کھیلے گی، اس بار قلندرز میں چالیس فیصد پلیئر ڈولپمنٹ پروگرام کے کھلاڑی شامل ہیں جس کا نتیجہ لیگ میں بھی نظرآئے گا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کو پوری لیگ پاکستان میں کرانے پر شاباشی دی اور کہا کہ یہ پاکستان کرکٹ کیلئے بڑا دن ہے۔ پشاور کے بعد کوئٹہ میں بھی پی ایس ایل میچز کرائے جائیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے اونرز نے پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں کرانے پر پی سی بی کو خراج تحسین پیش کیا۔ عاطف رانا کا کہنا تھا کہ پوری لیگ پاکستان میں ہونا پاکستان کرکٹ بورڈ کی کاوش کے بغیر یہ ممکن نہ تھا ۔ پہلے لوگوں نے اس پر تنقید کی لیکن آج سب معترف ہیں ۔پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے پشاور میں پی ایس ایل میچز کے انعقاد کے اعلان پر مسرت کا اظہار کیا۔اسلام آباد یونائیٹڈکے اونر علی نقوی نے کہا کہ لیگ نوجوانوں کے پاس ہیروز سے انسپائر ہوکر مستقبل کے ہیرو بننے کا اچھا موقع ہے، ملتان سلطانز کے عالمگیر ترین نے کہا کہ لیگ کے پاکستان میں انعقاد کو کامیاب بنانے کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔