امریکی صدر ٹرمپ کے استقبال کیلئے 70؍ لاکھ افراد اکٹھے کرنے کے مودی کے دعویٰ کا مذاق

February 20, 2020

لاہور(خالد محمود خالد)بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے امریکی صدر ٹرمپ کے استقبال کے لئے احمد آباد ہوائی اڈے سے سردار ولبھ پٹیل اسٹیڈیم تک 70لاکھ افراد جمع کرنے کے دعویٰ کا بھارت بھر میں مذاق اڑایا جارہا ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ بھی بار بار اس بات کو دہرا رہے ہیں کہ مودی ان کے استقبال کے لئے 70لاکھ افراد اکٹھے کر رہے ہیں۔احمد آباد ہوائی اڈے سے اسٹیڈیم تک کا فاصلہ صرف9 کلو میٹر ہے۔ بھارتی ناقدین کا کہنا ہے کہ 9کلومیٹر میں 70 لاکھ افراد جع ہونا ایک معجزے سے کم نہیں ہو گا۔ اس کے ساتھ ساتھ احمد آبا دشہر کی آبادی بھی 70لاکھ کے قریب ہے اور اگر سارا شہر بھی ٹرمپ کے استقبال کے لئے امڈ آئے تو جن لوگوں کو دیگر شہروں سے بلایا جارہا ہے وہ کہاں اور کیسے پہنچ پائیں گے۔