والدین کی عزت و احترام ہم پر فرض ہے، فضل حسین

February 20, 2020

پشاور( وقائع نگار )بزم ہمدرد نونہال کی تقریب آرکائیوز لائبریری ہال میں منعقد ہوئی ۔تقریب کے مہمان خصوصی فضل حسین،ڈائریکٹر ورسک ماڈل سکول اینڈ کالج ورسک روڈ پشاور تھے ۔ مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات نے ’’ہم نونہال ہم بے مثال‘‘ کے موضوع پر تقاریر کیں ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اﷲ تعالیٰ کا ارشاد ہے اپنے ماں باپ کی دل و جان سے خدمت کرو اور ان کے ہر حکم کی تعمیل کرو ۔ والدین اپنے بچوں کو جو بھی نصیحت کرتے ہیں وہ ان کے فائدے کیلئے ہوتی ہے اس لئے والدین کی عزت و احترام اور اُن کے حکم کی بجا آوری ہم پر فرض ہے۔ حکیم محمد سعید شہید نونہالوں سے ہمیشہ محبت سے پیش آتے تھے، انہوں نے ہی بچوں کیلئے بزم ہمدرد نونہال کی ہر ماہ ہونے والی تقریب کا اہتمام کیا۔ نونہال مقررین میں لبنیٰ ارشاد فرنٹیئر ماڈل سکول اینڈ کالج ورسک روڈ پشاور، نونہال سمیل شاہد ورسک ماڈل سکول اینڈ کالج ورسک روڈ پشاور اور نونہال حماد خان فارورڈ پبلک سکول دلہٰ زاک روڈ کیمپس پشاور نے حصہ لیا۔ملی نغمہ فرنٹیئر ماڈل سکول فار بوائز ورسک روڈ پشاور، ٹیبلو نونہالان نیو ایگلز نرسری اینڈ سکول مین سول کواٹرز کوہاٹ روڈ پشاور نے پیش کیا۔آخر میں مہمان خصوصی نے بچوں میں انعامات تقسیم کئے۔