ریما عمر شریف کی بیٹی کے انتقال پر دل شکستہ

February 20, 2020

ماضی کی معروف فلم اسٹار ریما خان کا کہنا ہے کہ انہیں عمر شریف کی بیٹی حرا کے انتقال کی خبر سن کر گہرا صدمہ ہوا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر انہوں نے حرا کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’حرا کی موت کی خبر کا سن کر وہ انتہائی رنج میں مبتلا ہیں۔‘


انہوں نے لکھا کہ حرا ایک حیرت انگیز شخصیت کی مالک تھیں، نوجوانی میں ان کی موت کا تصور کرنا بھی مشکل ہے۔

ریما نے لکھا کہ وہ سمجھ سکتی ہیں کہ یہ وقت عمر شریف اور ان کی اہلیہ کے لیے کتنا مشکل ہے۔

انہوں نے وفات پا جانے والی حرا کے اہل خانہ کے لیے دعا کرتے ہوئے لکھا کہ ’خدا اہل خانہ کو یہ بڑا نقصان برداشت کرنے کے لیے صبر اور طاقت عطا کرے۔‘

یاد رہے کہ عمر شریف کی صاحبزادی حرا شریف گردوں میں انفیکشن کے مرض میں مبتلا تھیں اور لاہور کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھیں۔

اہل خانہ کی جانب سے موت غلط آپریشن کے باعث ہونے کا الزام بھی سامنے آیا تھا۔

گزشتہ روز حرا شریف کی نماز جنازہ قریبی مسجد میں ادا کی گئی جس کے بعد انہیں ماڈل ٹاؤن کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔