آج بیٹی کے ساتھ پرفارم کرتے ہوئے نروس ہورہا ہوں، سجاد علی

February 20, 2020

بین الاقوامی شہرت یافتہ گائیک گلوکار سجاد علی کا کہنا ہے کہ میں زندگی میں کبھی اسٹیج پر گاتے ہوئے نروس نہیں ہوا، لیکن آج بیٹی کے ساتھ پرفارم کرتے ہوئے نروس ہورہا ہوں۔

سجاد علی نے کہا کہ میرے لیے یہ فخر کی بات ہے کہ میں اپنی بیٹی زوا علی کے ساتھ گورنر ہاؤس میں صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کے سامنے گانا گارہا ہوں، میں اپنی بیٹی کو بھرپور سپورٹ کرتا ہوں، وہ دن بھی آئے گا ، جب مداح کہیں گے کہ وہ دیکھو زوا علی کے ڈیڈی جارہے ہیں۔

سجاد علی اور زوا علی نے ’’رونے نہ دیا‘‘ کے عنوان سے گیت پیش کرکے شائقین موسیقی کے دل موہ لیے، اس گانے کو خود سجاد علی نے ترتیب دیا ہے۔

ایک ہی گانے میں زاو علی نے نہ صرف اردو گائیکی کو خُوب صورتی سے پیش کیا، بلکہ انگریزی گائیکی کےساتھ بھی خوب انصاف کیا۔

گلوکار سجاد علی نے بتایا کہ بہترین فن کار وہ ہوتا ہے،جو ایسی موسیقی بنائے، جسے لوگ فالو کرے۔میں نے جب ’’ساحل پر کھڑے ہو ‘‘ گانا مکمل کیا تو میری فیملی اور دوستوں نے کہا کہ اس گانے کی شاعری سنجیدہ ہے اور گانا سلو ہے، اس لیے نئی نسل اسے پسند نہیں کرے گی، پھر سب نے دیکھا کہ اس گانے نے کتنی مقبولیت حاصل کی۔

واضح رہے کہ2017ء میں گلوکار سجاد علی کی بیٹی زاو علی نے گلوکاری کی دنیا میں قدم رکھا تھا، زاو علی نے کوک اسٹوڈیو سے اپنی گائیکی کا آغاز کیا۔