انور علی، عمر اکمل کی جگہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسکواڈ میں شامل

February 20, 2020

آلراؤنڈر انور علی کو عمر اکمل کی جگہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل کی ٹیکنکل کمیٹی نے بطور متبادل کھلاڑی انور علی کے نام کی منظوری دے دی ہے۔

ٹیکنکل کمیٹی میں ڈاکٹر سہیل سلیم، سمیر کھوسہ، مرینہ اقبال اور بازید خان شامل ہیں۔ کمیٹی کی سربراہی وسیم خان کررہے ہیں۔

بطور متبادل کرکٹر ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو میں انور علی کا انتخاب سلور کٹیگری میں کیا گیا ہے۔ اس سے قبل انور علی ایچ بی ایل پی ایس ایل کے تمام ایڈیشنز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

انور علی اب تک 32 ایچ بی ایل پی ایس ایل میچوں میں 191 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 23 وکٹیں بھی حاصل کرچکے ہیں۔

دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور 2 مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ایونٹ کا افتتاحی میچ آج رات 9 بجے شروع ہوگا۔

ذرائع کے مطابق گلیڈی ایٹرز نے عمر اکمل کے متبادل کے طور پر 8 نام بھیجے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھیجے گئے ناموں میں عمادعالم، عمیر یوسف، اسد شفیق، انورعلی، رمیز راجہ جونیئر، محمود علی، عثمان خان اور عثمان صلاح الدین کے نام شامل تھے۔