صنم ماروی اور حامد خان میں خلع

February 20, 2020

فیملی کورٹ لاہور کی جانب سے نامور گلوکارہ صنم ماروی اور حامد خان کو خلع کی ڈگری جاری کردی گئی ہے۔

فیملی کورٹ لاہور نے پاکستان کی نامور گلوکارہ صنم ماروی اور حامد خان کو خلع کی ڈگری جاری کردی ہے جس کے ساتھ ہی ان کے درمیان ازدواجی سفر کا اختتام ہوگیا ہے ۔

فیملی کورٹ کی جج ثناء افضل واہلہ نے صنم ماروی کی خلع کی درخواست پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران صنم ماروی کا کہنا تھا کہ وہ اب حامد خان کے ساتھ مزید نہیں رہنا چاہتیں کیونکہ وہ ان پر تشدد کرتا ہے اور انہیں گالیاں دیتا ہے، عدالت نے بیانات کو سننے کے بعد خلع کی ڈگری جاری کردی۔

گلوکارہ نے اپنی درخواست میں الزام عائد کیا تھا کہ شوہر ان پر تشدد کرنے سمیت ان کے خلاف نازیبا زبان بھی استعمال کرتے ہیں اور وہ شوہر کے ایسے رویئے کو برداشت کرکے تھک چکی ہیں۔

واضح رہے کہ حامد خان نے عدالت میں سات صفحات پر مشتمل اپنے جواب میں اہلیہ کی جانب سے لگائے تمام الزامات مسترد کردئیے تھےاور عدالت سے درخواست کی تھی کہ ان کی اہلیہ کی خلع کی درخواست کو مسترد کیا جائے۔

خیال رہے کہ صنم ماروی کی یہ دوسری شادی تھی، ان کے پہلے شوہر آفتاب احمد کو 2009 ء میں سندھ کے دارالحکومت کراچی میں قتل کردیا گیا تھا۔