وسیم اکرم کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان

February 20, 2020

پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی زندگی پرمبنی فلم "اکرم کا ایک دور" بنانے کا اعلان کیا گیا، جس پر اسٹیڈیم میں موجود شائقین کرکٹ نے بھی خوشی کا اظہار کیا۔

پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کیا گیا، جہاں خصوصی طور پر ایک اعلان کے ذریعے وسیم اکرم کی زندگی پر مشتمل فلم کا باقاعدہ اعلان کیا گیا۔ فلم رواں سال کے آخر تک بننا شروع ہوگی۔ فلم کے ایگزیکٹو پروڈیوسر عدیل نیازی اور ارسلان ایچ شاہ، جبکہ اس پروجیکٹ کی ہدایات بھی عدیل نیازی دیں گے۔

حالیہ برسوں میں اس قسم کی فلمیں پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبول ہوئی ہیں، عالمی شہرت یافتہ بولر وسیم اکرم کی مقبولیت نہ صرف پاکستان میں ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر ان کے پرستاروں کی تعداد بے شمار ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ یہ فلم نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر سینماؤں کی رونقوں میں اضافے کا باعث بنے گی۔

سابق کرکٹر اور سوئنگ کے سلطان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ حقیقت یہ ہے کہ کرکٹ پر فلمیں بنائی جارہی ہیں اور اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ اسپورٹس اسٹارز اب نہ صرف کھیل کے لیے اچھی علامت بن رہے ہیں بلکہ وہ فلمی صنعت کے لیے سود مند ثابت ہورہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اب فلمیں نئی نسل کو منسلک رکھنے کا واحد پورٹل ثابت ہورہی ہیں، سابق کپتان کا مزید کہنا تھا کہ اب میں اس پروڈکشن کا حصہ بننے کا منتظر ہوں اور یہ انتظار کی گھڑیاں گزارنا، ناقابل بیان ہے کہ کس طرح یہ کہانی اپنے اختتام کو پہنچتی ہے۔

فلم میں وسیم اکرم کے نہ صرف بہت سارے کارناموں کو اجاگر کیا گیا ہے بلکہ اسٹیڈیم سے باہر ان کی ذاتی زندگی کو بھی فلم کا حصہ بنایا گیا ہے، وسیم اکرم کے مداحوں کے نزدیک یہ خبر عام ہوچکی ہے اور سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے دلچسپ تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے، اور ان کے مداح نہ صرف وسیم اکرم بلکہ ہما اکرم اور شنیرا اکرم کو بڑی اسکرین پر دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔

فلم کے ایگزیکٹو پروڈیوسر عدیل نیازی کا کہنا تھا کہ وسیم اکرم کا شمار دنیا بھر میں اب تک کے کرکٹ لیجنڈز میں ہوتا ہے، کرکٹ کے لیے انکا سفر سنسنی خیز اور اعصاب شکن مرحلوں سے بھرا پڑا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کے لیے ایک موقع تھا کہ وہ اس لیجنڈ کی انتھک جدوجہد ہر اک کے سامنے لاسکیں، ہم امید کرتے ہیں کہ ان کی زندگی میں کی گئی جدوجہد کے مطابق اس کہانی میں انصاف کرسکیں۔

فلم کے ایگزیکٹو پروڈیوسر ارسلان ایچ شاہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کرکٹ کے دوسرے شائقین کی طرح میں بھی وسیم اکرم سے خوفزدہ ہوں اور سمجھتا ہوں کہ ان کے وقار اور حیرت انگزیز کارناموں اور شاندار صلاحیتوں کو اس پروجیکٹ کے ذریعے کس طرح ممکن بنایا جاسکتا ہے۔