لاہور: پی ایس ایل میچوں کا سیکیورٹی اینڈ ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری

February 20, 2020

لاہور میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے 14 میچز کے لیے پولیس نے سیکیورٹی اینڈ ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری کر دیا، شائقین کیلئے تین پارکنگ اسٹینڈز مختص کر دیے گئے ،رکشے اور سی این جی گاڑیوں کا داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں افتتاحی تقریب کے ساتھ ہی پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو میلہ شروع ہوگیا، لاہور میں شائقین اور ٹیموں کی سیکیورٹی کے لئے 10ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوان تعینات ہوں گے، ٹیموں کے روٹس کو صرف نقل و حرکت کے وقت بند کیا جائے گا۔

ڈولفن اسکواڈ اور ایلیٹ ٹیمیں مسلسل پٹرولنگ کریں گی۔ بلند عمارتوں پر اسنائپرز تعینات ہوں گے۔ سی سی ٹی وی کیمروں سے اسٹیڈیم کے اطراف کی مانیٹرنگ بھی ہوگی۔

ترجمان سٹی ٹریفک پولیس کے مطابق میچز کے دوران 16 سو سے زائد ٹریفک اہلکار تعینات ہوں گے، رانگ پارکنگ کی روک تھام کے لیے 20 فورک لفٹرز، 5 بریک ڈاؤنز موجود ہوں گے۔

میچ کے دوران مسلم ٹاؤن موڑ سے کلمہ چوک تک کا انٹرسیکشن عام ٹریفک کے لیے بند ہوگا، مزنگ فیروز پور روڈ سے قصور اور کینٹ جانے والی ٹریفک کو مسلم ٹاؤن موڑ سے وحدت روڈ کی طرف موڑا جائےگا، جبکہ قصور سے چوبرجی جانے والی ٹریفک کو براستہ پیکو روڈ، والٹن روڈ متبادل راستوں پر چلایا جائے گا۔