خصوصی بچوں کے لیے آٹزم کلب کا قیام

February 20, 2020

بچوں میں ذہنی پسماندگی کی بیماری آٹزم کے حوالے سے قائم آٹزم کلب کا آغاز جمعرات کو اسپیکٹرم ڈس آرڈر ویلفیئر ٹرسٹ میں ہوا۔

اس حوالے سے ایک اورینٹیشن تقریب بھی ہوئی جس کا افتتاح سندھ کے سیکریٹری برائے اسپیشل ایجوکیشن، ڈپارٹمنٹ آف امپاورمنٹ آف پرسنز ود ڈس ایبلیٹیز پرویز احمد سیہڑ نے ، اے ایس ڈی ڈبلیو ٹی کی ٹیم اور تقریب میں آنیوالے والدین کے ساتھ ربن کاٹ کر کیا۔

اس موقع پر سینیئر کلینیکل سائیکالوجسٹ محترمہ اسما احمد نے اے ایس ڈی ڈبلیو ٹی کے حوالے سے تفصیلی پریزنٹیشن دی۔

انکا کہنا تھا کہ کلب کے قیام کا مقصد معذور بچوں بالخصوص آٹزم کا شکار بچوں کو سماجی مواقع مہیا کرنا ہے تاکہ وہ معاشرے میں فرینڈشپ اور تعلقات قائم کرکے اپنے اندر موجود صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کرسکیں اور خود اعتمادی پیدا کرسکیں۔

بعدازاں تمام شرکا نے مختصراً اپنی تنظیم بشمول اے ایس ڈی ڈبلیو ٹی، ٹی ڈی ایف میگنیفائی سائنس اسٹوڈیو، داؤد فاؤنڈیشن، اسپیشل اولمپکس آف پاکستان، ونڈر ٹری، دی فرسٹ آر، ای ٹی ایل لرننگ اور سینٹر فار انکولوسو کیئر نے اپنا تعارف پیش کیا۔

تقریب میں شریک خصوصی بچوں کے والدین نے اس اقدام کو بہت سراہا اور اپنی اس شدید خواہش کا اظہار بھی کیا کہ وہ اس کلب کو فوری طور پر جوائن کرنا چاہتے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ اس کلب سے ان کے ذہنی پسماندہ بچوں کو کافی فائدہ پہنچے گا۔