پہلی مرتبہ اکیڈمی آف لیٹرز کی ممبر شپ غیرملکیوں کودی ،ایرانی قونصلر جنرل

February 21, 2020

لاہور(خبر نگار)صوبائی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن را جہ یاسر ہمایوں نے امن ، برداشت اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے صوفیاء کرام کی تعلیمات پر ریسرچ کرنے پر زور دیا۔وہ پنجاب یونیورسٹی اور مسلم انسٹی ٹیوٹ کے اشترا ک سے مولانہ رومی اور سلطان باہو پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں الرازی ہال میں خطاب کر رہے تھے ۔ تقریب میں اکیڈمی آف لیٹرز تہران کی طرف سے پروفیسر ڈاکٹر اکرم شاہ اور پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر کولائف ٹائم ممبرشپ ایوارڈ سے نوازا گیا جوکہ صدارتی ایوارڈ کا درجہ رکھتی ہے۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر حنیف پتافی نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی ملک کا بہترین تعلیمی ادارہ ہے ۔وائس چانسلر پروفیسر نیازاحمد نے کہا کہ صوفیاء کرام کی تعلیمات کا ماخذ قرآن مجیداور نبی کریم ؐ کی تعلیمات ہیں ۔ ایرانی قونصل جنرل رضا نذیری نے کہا کہ ایران کی تاریخ میں پہلی بارایسا ہوا ہے کہ اکیڈمی آف لیٹرز کی لائف ممبر شپ غیر ایرانیوں کو دیا گیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے ثقافتی تعلقات ہزاروں سال پر محیط ہیں جبکہ پاکستان کا قومی ترانہ بھی فارسی زبان میں ہے۔ پروفیسر پیٹر نے کہا کہ صوفیاء کرام کا پیغام تمام عالم کے لئے ہے جس کا اکیسوی صدی کے مطابق ترجمہ کیا جانا چاہیے۔ اکیڈمی آف لیٹرز تہران کے سیکریٹری پروفیسر ڈاکٹر رضا نصیری نے کہا کہ ان کے پاس ڈاکٹر اکرم شاہ کو ایران میں بہت عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ۔