طلباء میں مطالعے کا رجحان پیدا کرنا ترجیحات میں شامل ہے،پشتون ایس ایف

February 21, 2020

کوئٹہ (آئی این پی) پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ طلباء میں مطالعے کا رجحان پیدا کرنا اور اپنی تہذیب وتمدن ، تاریخ ، سیاست ، اور ادب سے آگاہ و روشناس کرانا پشتون سٹوڈنٹس فیڈیشن کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، بیان میں کہا گیا کہ کتاب خاموش انقلاب کا نام ہے لیکن بدقسمتی سے ہمارے معاشرے سے کتاب کلچر کو ایک منظم منصوبے کے تحت ختم کردیا گیا ہے، اس حوالے سے گزشتہ روز پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن آئی ٹی یونیورسٹی کی جانب سے مادری زبانوں کے عالمی دن کی مناسبت سے سٹڈی سرکل کا انعقاد کیا گیا جس میں "زبان، خودمختاری اور قوم پرستی" کے موضوع پر تنقیدی بحث و مباحثہ کیا گیا، منتخب کردہ موضوع پر عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی کونسل ممبر خان زمان کاکڑ نے تفصیلی گفتگو کی، پروگرام پشتون ایس ایف کے صوبائی چیئرمین عالمگیر مندوخیل کی زیر صدارت ہوا، کامیاب پروگرام پر صوبائی چیئرمین کی جانب سے پشتون ایس ایف آئی ٹی یونیورسٹی یونٹ کی آرگنائزنگ کمیٹی اور یونٹ کے تمام کارکنوں کی کاوشوں کو سراہا گیا اور تاکید کی گئی کہ سٹڈی سرکلز کو تواتر سے منعقد کرنے کے ساتھ وسعت دی جائے، علاوہ ازیں بیان میں کہا گیا کہ عوامی نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کی جانب سے مادری زبانوں کے عالمی دن کی مناسبت سے 21 فروری کو ارباب ہاوس کوئٹہ میں سہ پہر تین بجے پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے۔ بیان میں پشتون ایس ایف کے تمام کارکنوں کو تاکید کی گئی کہ پروگرام میں اپنی شرکت یقینی بنائیں۔