منشیات کا سماج دشمن کاروبار صنعت کی شکل اختیار کرچکا،بی ایس او

February 21, 2020

کوئٹہ(پ ر) بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی انفارمیشن سیکرٹری ناصر بلوچ نے کہا ہےکہ بلوچستان میں منشیات کا منفی سماج دشمن کاروبار ایک صنعت کی شکل اختیار کرچکا ہے بلوچستان کے اکثر علاقوں میں منشیات فروش براہ راست پرچون کے کاروبار کی طرز پر نوجوان نسل کو تباہ کررہے ہیں جبکہ تعلیمی اداروں کے خلاف منفی سازشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ منشیات کی منفی سرگرمیوں کے خلاف طاقت کے استعمال کے بجائے پروان چڑھایا جارہا ہے لیکن علمی سیاسی سرگرمیوں کو طاقت کے زریعے یرغمال بنایا گیا ہے، جامعہ بلوچستان میں پیش آنے والے منفی اسکینڈل کو دبایا گیا، ملزمان کے خلاف ایف آئی آر تک درج نہیں ہوسکی، اسی طرح بلوچستان میں نئے میڈیکل کالجز کے ایشوز کو حل کرنے کے بجائے بولان میڈیکل کالج کو متنازع ایکٹ کے زریعے یونیورسٹی میں تو ضم کیا گیا جس کے خلاف تعلیم دشمن عمل کے خلاف طلباء و طالبات سراپا احتجاج ہے لیکن حکومت بجائے مسائل حل کرنے کے بجائے طلباء و طالبات کے خلاف انتقامی کاروائی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کالجز سیکٹر کو بھی تباہ کردیا گیا ۔ اب دور دراز علاقوں میں کالجز برائے نام رہ چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ بی ایس او بھرپور احتجاج کرے گی ۔