بلال اشرف اعظم خان کی پرفارمنس کے معترف

February 21, 2020

اعظم خان کی شاندار اننگز پر بلال اشرف کی تعریف

معروف اداکار و ماڈل بلال اشرف نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نوجوان کرکٹر اعظم خان کی اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف شاندار اننگز پر اُن کی تعریف کردی۔

گزشتہ روز پی ایس ایل فائیو کے افتتاحی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹد کی ٹیمیں مدِ مقابل تھیں اور یہ میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 169 رنز کا ہدف دیا تھا جسے کوئٹہ نے 18 اعشاریہ 3 اوور میں عبور کرلیا تھا اور یوں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دینے میں کامیاب ہوئی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے نوجوان کھلاڑی اعظم خان ہیں جنہوں نے 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، اِس میچ سے قبل اعظم خان کو اُن کے وزن کی وجہ سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا لیکن گزشتہ رات ہونے والے میچ میں اُن کی پرفارمنس دیکھ کر ہر ایک اُن کی تعریف کرنے پر مجبور ہوگیا ہے۔

اِسی حوالے سے پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے معروف اداکار و ماڈل بلال اشرف نے بھی اعظم خان کی پرفارمنس کی تعریف کی، اُنہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اعظم خان کے ہمراہ میچ کے بعد کی ایک ویڈیو شیئر کی۔


بلال اشرف کی جانب سے شیئر کی جانے والی ویڈیو میں اُنہوں نے اعظم خان سے کہا کہ ’آج آپ کی پرفارمنس نے مجھے خوش کردیا اور مجھے آپ پر فخر ہے،‘جس پر اعظم خان نے اُن کا شکریہ ادا کیا۔

اِس کے علاوہ بلال اشرف نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں اعظم خان کے ہمراہ ایک تصویر بھی شیئر کی اور انہیں مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ نے اپنے بلّے سے ناقدین کو ایک کامل جواب دیا ہے۔‘

بلال اشرف نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں اُن کے ساتھ مایا علی اور مہوش حیات ہیں اور وہ اُن سے پوچھتے ہیں کہ ہاں بھئی کون جیت رہا ہے آج؟‘جس پر مایا علی جواب دیتی ہیں کہ کوئٹہ جیتے گا جبکہ مہوش حیات کہتی ہیں کہ یہ تو وقت بتائے گا۔

اُنہوں نے انسٹاگرام اسٹوری میں ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ وقت نے بتا دیا اور کوئٹہ جیت گیا۔‘

واضح رہے کہ اعظم خان سابق کرکٹر اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ معین خان کے بیٹے ہیں، اعظم خان نے کل کے فاتحانہ میچ میں 33 گیندوں پر 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔