سولر ٹائلز کیسے کام کرتی ہیں؟

February 23, 2020

آئے دن بجلی کے نرخوں میں اضافے کی وجہ سے اب لوگ توانائی کے متبادل اورقابل تجدید آپشن اختیارکرنے لگے ہیں اور یہ نقصان کا سودا بھی نہیںہے۔ آپ اگر گھر تعمیر کروانے جارہے ہیں تو سولر ٹائلز کی خریداری پر غور کریں، جنہیں آپ اپنے گھر کی چھت میں نصب کرواسکتے ہیں۔ اس سے نہ صرف آپ کو شمسی توانائی حاصل ہوگی بلکہ آپ کا گھر بھی دلکش نظرآئے گا۔

شمسی توانائی

سورج کی شعاعوں کا صرف چوتھائی حصہ ہی زمین پر آتا ہے اور تین چوتھائی حصہ کرہ باد میں ہی رہ جاتاہے۔ دیگر ذرائع کے مقابلے میں سورج کی روشنی سے36گنا زیادہ توانائی حاصل کی جاسکتی ہے۔سورج اپنی توانائی ایکس رے سے لے کر ریڈیو -ویو کی ہر ویو لینتھ پر منعکس کرتا ہے۔ اسپیکٹرم(Spectrum)کے 40فیصد حصے پر یہ توانائی نظر آتی ہے اور50فیصد شمسی توانائی انفرا ریڈ(Infra-Red)اور بقیہ الٹراوائلٹ شکل میں نمودار ہوتی ہے۔

دھوپ سے حاصل ہونے والی توانائی ”سولر انرجی“ یا ”شمسی توانائی“ کہلاتی ہے۔ دھوپ کی تپش کو پانی سے بھاپ تیار کرکے جنریٹر چلانے اور بجلی بنانے میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ دھوپ قدرت کا عطیہ ہے، ہر روز دنیا پر اتنی دھوپ پڑتی ہے کہ اس سے کئی ہفتوں کے لیے بجلی تیار کی جا سکتی ہے۔

سولر ٹائلز

سولر ٹائلز، فوٹو وولٹیک(Photovoltaic) پینلز پر یکساں طور پر کام کرتے ہیں، جو پہلے ہی تعمیراتی صنعت میں بڑے پیمانے پر استعمال ہورہے ہیں۔ ان کے درمیان بنیادی فرق ان کی اسمبلی ہے، جہاں پر فوٹووولٹیک پینل کسی چھت سے منسلک ہیں، وہاں سولر ٹائلز شروع سے ہی چھت کی تعمیر کا حصہ بن جاتی ہیں۔ سولر ٹائلز میںفوٹو وولٹیک سیلز موجودہ ہوتے ہیں، جب انہیں سورج کی روشنی ملتی ہے تو وہ بجلی تیار کرتی ہیں اور پھر عمارت میں ضرورت کے مطابق بجلی استعمال کی جاتی ہے۔ کیبلز کے ذریعے ہر ٹائل بجلی کے ڈسٹری بیوشن بورڈ سے منسلک ہوتا ہے۔

سولر ٹائلز کے مؤثر استعمال کیلئے ایک انورٹر انسٹال کرنا ضروری ہوتاہے، جو ہر ٹائل کی توانائی کو بجلی میں بدل دیتا ہے۔ ایک اور متبادل سولر ڈائیورٹر(Diverter)یا 'گھریلو شمسی نظام انسٹال کرنا ہوتاہے، جس کے لیے کسی پیشہ ور ماہر کی نگرانی درکار ہوتی ہے۔ اس کے ذریعےجمع کی جانے والی توانائی کا براہ راست تعلق سولر ٹائلز پر پڑنے والی سورج کی روشنی سے ہوتا ہے جبکہ آب و ہوا بھی اس مقام سے مربوط ہوتی ہے۔

زیادہ سے زیادہ بہتر نتائج حاصل کرنے ک لیے ٹائلز کو صاف کرنا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ ،سولر ٹائلز ایک دوسرے کے ساتھ ترتیب سے جوڑے یاملا دیے جاتے ہیں بجائے یہ کہ ایک دوسرے کے اوپر رکھ دیئے جائیں (روایتی سرامک ​​ٹائلز کے برعکس) کیوں کہ ایک دوسرے پر سولر ٹائلز رکھنے سے کناروں پر سایہ ہو گایعنی سورج کی روشنی پوری نہیں پڑے گی ، جس سے کم شمسی توانائی کے حصول کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

دن کی روشنی میں ان ٹائلز کی مدد سے فی مربع میٹر200واٹ بجلی حاصل کی جا سکتی ہے جبکہ ابر آلود موسم کے دوران ان سے بجلی کی پیداوار میں 50واٹ کمی واقع ہو گی۔ دنیا بھر میںبجلی کی قلت پر قابو پانے کے لیے سولر ٹائلز مستقبل میں انتہائی اہم کردار ادا کریں گی۔

سولر ٹائلز کب لگائیں؟

اگر آپ عمارت تعمیر کروا رہے ہیں تو فوٹووولٹیک ٹائلوں کی تنصیب پر غور کیا جانا چاہئے۔ اعلیٰ معیار کی تنصیب کی لاگت تقریباً 5 سال میں خاطر خواہ بچت پیدا کرتی ہے۔ سولر ٹائلز عام طور پر کارپوریٹ عمارتوں میں استعمال ہوتے ہیں کیونکہ ان میں پائیداری اور معیار کو کافی اہمیت دی جاتی ہے۔

تاہم، کچھ اعلیٰ معیار کی سولر ٹائلز گھروں میں بھی نصب ہیں، جہاںانھیںبجلی کے اخراجات کم کرنے کے لیے لگایا جاتا ہے۔ یہ ممکن ہے (اور مطلوبہ بھی) کہ متبادل توانائی کے لیے اس قسم کا حل گھروں سمیت ہر طرح کی عمارتوں کے لیے میسر ہوجائے، جہاںنجی طور پر توانائی کی پیداوار کے ذریعے بجلی کی لاگت کو کم کیا جاسکتا ہے۔

خوبیاں

٭ سولر ٹائلز ان علاقوں کیلئے قابل تجدید توانائی کا ایک بہترین ذریعہ ہیں، جہاں سورج سال میں زیادہ دنوں تک چمکتاہے۔

٭ یہ روایتی فوٹو وولٹیک پینلز کے مقابلے میںزیادہ پُرکشش اور کارآمد ہیں کیونکہ یہ چھت کے ڈیزائن کا حصہ ہوتے ہیں اور بعد میں انسٹال نہیں ہوتے۔

٭ ٹائلز کے کچھ ایسے آپشنزبھی ہیں جو سلیٹ پتھر کے ٹائلز یا سیرامک ​​ٹائلز کی طرح دکھائی دیتے ہیں اور کوئی پہچان نہیں پاتا کہ یہ سرامک ٹائلیں ہیں یا سولر ٹائلز۔

٭ سولر ٹائلز تاریخی علاقوں میں عمارتوں کی بحالی کا ایک اچھاآپشن ہیں (اگر تبدیلی کی اجازت ہو)۔

خامیاں

٭ سولر ٹائلز مارکیٹ میں نئے ہیں، لہٰذا یہ روایتی فوٹو وولٹیک پینلز سے زیادہ مہنگے ہیں۔

٭ ان کی تنصیب کے لئے ابھی ماہرین کی کمی ہے اور انہیں تیار کرنے والے بھی کم تعداد میں ہیں۔

٭ سولرپینل کے برعکس یہ اصل چھت کے ڈیزائن کے علاوہ دوسرے زاویوں پر انسٹال نہیں ہوسکتے، لہٰذا بعض معاملات میں اپنی مرضی سے شمسی توانائی حاصل کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔

تاہم، اگر اس مقصد کے لئے چھت کو صحیح طریقے سے ڈیزائن کیا گیا ہو اور منصوبے کےحساب سے ٹائلز کی تنصیب کی گئی ہو تو اس سے فائدہ ہوسکتا ہے۔