جیومیٹریکل ساخت کی حیرت انگیز تعمیرات

February 23, 2020

ملینیم صدی کا تعمیراتی اسٹرکچر ماضی و حال کے مقابلے میں مستقبل کی تصویر پیش کرتا ہے۔ موجودہ جیومیٹریکل ساخت کے گول، خمیدہ، بیضوی، تکونی، مرغولہ اور ملفوف عمارتی آرکیٹیکچرز اکیسویں صدی کے منفرد انداز ہیں۔ کم اور وسیع رقبے پر ایسے محیرالعقول ڈھانچے بنائے جاسکتے ہیں کہ آپ کو یوں لگتا ہے، جیسے آپ کسی اجنبی سیارے پر موجود ہوں۔ جیومیٹریکل ساخت کی کثیر المنزلہ عمارات کے ساتھ اب یہ اسٹائل کھیل کے میدانوں،عجائب گھروں، فضائی اڈوں،کتب خانوں ، درسگاہوں اور میڈیکل سٹیز میں بھی مقبول ہو رہا ہے۔

اس مشقِ ندرت میں سب سے خوش آئند امر یہ ہے کہ اب ماہرین تعمیرات ماحول دوست مٹیریل سے فضائی آلودگی کو کم کرنے والی عمارات بنا رہے ہیں، جس میں تعمیراتی ڈیزائن اور اطراف موجود علاقوں کی نفاست اور صفائی و ستھرائی کا خاص اہتمام کیا جاتا ہے۔ آئیے دنیا بھر سے جیومیٹریکل ساخت والی چند بہترین عمارتوں پر نظر ڈالتے ہیں، جو اپنے دیدہ زیب ڈیزائن کے باعث لوگوں کو ورطہ حیرت میں ڈال دیتی ہیں۔

شنگھائی نیچرل میوزیم، چین

یہ عجائب خانہ ابھی حال ہی میں کھولا گیا ہے، تاہم دیکھنے والوں کے لیے یہ تعمیراتی عجوبہ سے کم نہیں۔ اگر اس کے آس پاس دھاتی ساخت کا تعمیراتی ڈھانچہ نہیں ہوتا تو اس کا اندرونی بیضوی شکل کا صحن سینکڑوں سال پہلے کی طرح نظر آتا۔ میوزیم کا رقبہ 40ہزار اسکوائر میٹر ہے، جسے 2015ء میںعوام کے لیے کھولا گیا تھا۔

چین میں نیچرل سائنسز کا یہ ایک بڑا میوزیم ہے۔ دیدہ زیب جیومیٹریکل ڈیزائن اسے مستقبل کے آرکیٹیکچر میں نمایاں مقام عطا کرتا ہے۔ہمارے براعظم ایشیا میں چین، سنگاپور، روس، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، تھائی لینڈ، ملائیشیا اور تائیوان کی تعمیرات اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں حیرت انگیز ترقی ہمارے لیے ماڈل بن سکتی ہے۔

میو سیم ، فرانس

میوزیم آف سولائزیشنز آف یورپ اینڈ دی میڈی ٹرینین (MuCEM)میں بحیرہ روم کی تہذیب کےاہم نوادر موجود ہیں۔ اپنی ثقافتی اہمیت کے علاوہ MuCEMکا ایک متاثر کن تعمیراتی اسٹرکچر بھی ہے ، جو روڈی ریکوٹی کی آرکیٹیکچرل تخلیق ہے۔ یہ عمارت مارسیلی کی پرانے بندرگاہ پر واقع ہے، جس کے مقابل ایک بڑا تاریخی قلعہ سینٹ جین دکھائی دیتا ہے۔ سیاحوں کے لیے ان دونوں عمارتوں کو ایک پل کےذریعے منسلک کیا گیا ہے۔

اولمپک پارک اگورا ، یونان

اگورا(Agora) ایک قدیم ایمفی تھیٹر کے جدید ورژن کی طرح لگتا ہے، جسے اولمپک کھیلوں کے لئے بنایا گیا تھا۔ اسے تعمیراتی فن کاشہ پارہ سمجھا جاتا ہے، جہاں ایک ہی وقت میں پانچ لاکھ افراد کھیل سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ اس کا متاثر کن واک وے اسٹرکچر اسٹیل کی 100 محرابوں سے بنا ہے، جو اسےسرنگ کی شکل دیتا ہے۔ یہ مصنوعی جھیل کے ساتھ پھیلا ہوا ہے۔

کگن بلڈنگ، سویڈن

چیلمرز یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے کیمپس میںتعمیر کردہ کگن بلڈنگ(The Kuggen Building) رنگوں سے سجی ایک گول عمارت ہے، جس کی تعمیر2011ء میں مکمل ہوئی۔ اس کا غیر معمولی ڈیزائن توانائی کو برقرار رکھنے کے لئے بنایا گیا ہے، جہاں دن کی روشنی میں مثلث نما کھڑکیوں سے عمارت روشنی میں نہاتے ہوئے قوس قزح کا سحر انگیز سماں پیدا کرتی ہے اور دور سے ہی نظروں میں آجاتی ہے۔

سٹی آف آرٹس اینڈ سائنسز، اسپین

پیچیدہ فن تعمیر کا یہ حیرت انگیز کارنامہ ہے۔ 1998ء میں مکمل کیا جانے والا یہ کمپلیکس اسپین کے شہر ویلنشیا میں مرکزی ثقافتی توجہ کا مرکز ہے، جس میں مختلف سماجی و تعلیمی پروگراموں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ سٹی آف آرٹس اینڈ سائنسز نامی اس تعمیراتی شاہکار کو دیکھ کر لوگ داد دیے بغیر نہیںرہتے۔ یہاں موجود انڈور پارک میں لوگ چہل قدمی کرتے ہوئے یہاں لگائے گئے نایاب پودوں کے بارے میں بھی جان سکتے ہیں۔

لیج گولیمنز اسٹیشن، بیلجیم

یورپ کے سب سے زیادہ آبادی والے ملکوں میں سے ایک بیلجیم میں نقل و حمل کا مرکز ملک کا اہم ترین ریلوے اسٹیشن لیج گولیمنز(Liege-Guillemins)ہے۔ یہ اسٹیشن شیشے ، اسٹیل اور سفید کنکریٹ سے بنایا گیا ہے اور اسے 2009ء میں کھولا گیا تھا جو بلاشبہ جیومیٹریکل آرکیٹیکچر کا کمال ہے۔ روزانہ 15ہزار افراد اس اسٹیشن کو استعمال کرتے ہیں۔ اس کی تعمیر پر 312ملین یورو لاگت آئی تھی۔

پارک رائل، سنگاپور

دنیا کے مصروف ترین شہر سنگاپور میں واقع پارک رائل ہوٹل نہ صرف عالمی معیار کی خدمت کے حوالے سے مشہور ہے بلکہ یہ اپنے حیرت انگیز تعمیراتی تصور کی وجہ سے بھی جانا جاتا ہے۔ اس ہوٹل نے فن تعمیر کے کئی بین الاقوامی ایوارڈز بھی اپنے نام کیے ہیں۔ اس کی چھ منازل میں کھڑکیوں کے ساتھ پوری بلڈنگ کو گھیرے میں لیے ہوئے ٹیرس پر باغات کا ڈیزائن تیار کیا گیا ہے۔ شہر کی ہلچل میں سبزے کی یہ بہارمسحور کن نظارہ پیش کرتی ہے۔