معیشت تباہ اور مہنگائی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے‘انجینئر عثمان

February 22, 2020

کوئٹہ(پ ر)جمعیت علماء اسلام کے رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی انجینئر حاجی عثمان بادینی نے کہا ہے کہ عوام کی زندگی اجیرن بنا دی گئی ۔روزگار اور مکان دینے کی بجائے لاکھوں افراد کو بے روزگار کردیا گیا ۔ ہر فورم پر عوام کے حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رہے گی۔ حکمرانوں نے مہنگائی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔عوام دو وقت کی روٹی سے بھی محروم ہوگئے،آٹے اور چینی کا بحران چند افراد کو فائدہ پہنچانے کیلئے پیدا کیا گیا۔مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نےمعیشت کی کشتی کوڈبودیااور اسے اس مقام پر پہنچادیا جہاں سے واپسی ناممکن نظر آ تی ہے۔ مصنوعی بحران اور خود ساختہ مہنگائی کا فائدہ سرمایہ داروں اور اشرافیہ کو پہنچ رہاہے۔ملک کوآئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا گیا، عوام پر بے جا ٹیکسزکا بوجھ ڈال کر ان کی کمر توڑ دی گئی ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے پاس ملک و قوم کی بہتری و خوشحالی کا کوئی وژن نہیں۔ عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی کاایک نہ تھمنے والاطوفان آگیا ۔ گیس‘ بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ عوام کو ریلیف پہنچانے کے دعوئوں کی نفی ہے۔انہوں نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علماء اسلام موجودہ حالات میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی کیونکہ عوام کی خدمت جمعیت کا منشور ہے۔