قومی زبان قومی شناخت کا موثر ذریعہ ہے، بی ایس او آزاد

February 22, 2020

کوئٹہ(آن لائن)بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد کے مرکزی چیئرمین سہراب بلوچ نے مادری زبانوں کے عالمی دن کے موقع پر ایک بیان میں کہاہے کہ قومی زبان قومی شناخت کا مضبوط اور موثر ذریعہ ہے، بلوچستان میں بلوچ قوم کی مادری زبان بلوچی اور براہوی سمیت دیگر زبانوں کو ختم کرنے کی سازشیں گذشتہ سات عشروں سے جاری ہیں، انہوں نے کہا کہ ایک زبان دوست انسان ایک قوم دوست انسان ہوتا ہے اور ایک قوم دوست انسان غلامی کی لعنت کو برداشت نہیں کرسکتا۔ ریاست کے تعلیمی اداروں میں سرکاری زبان کو نصاب کا حصہ بنا کر بلوچی اور براہوی زبان کی ترقی و ترویج کے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں اور بلوچ قوم کو زبان کے نام پرتقسیم کرنے کی سازشیں بھی جاری ہیں، طاقت اور سازشی حربوں کو استعمال میں لاتے ہوئے اپنی کثیر الجہتی پالیسیوں کے ذریعے کبھی زبان کے نام پر تقسیم کرنے کی سازش کی جاتی ہیں اورکبھی بلوچی اور براہوی کتابوں کو ضبط کرکے جلایا جاتا ہے،چیئرمین نے کہاکہ ریاست کی ہزار کوشش کے باوجود بلوچ قوم کے اندر اپنی مادری زبان سے محبت بلوچ نیشنلزم کی مضبوطی کی عکاس ہے ،انہوں نےکہا کہ بلوچ دانشور اپنی مادری زبان کی ترقی و ترویج کے لئے منظم جدوجہد کریں۔