مشیل فائفر کا لگثری گھر

February 22, 2020

مشہور امریکی اداکارہ مشیل فائفر کا سان فرانسسکو کے ووڈ سائڈ ایریا میں موجود لگژری گھر6,379مربع فٹ پر مشتمل ہے۔ چونکہ یہ گھر جنگلات میں گھرا ہوا ہے، اس لئے اس کی پرائیویسی کو مد نظر رکھتے ہوئے ہرکوئی یہ گھر خریدنے کا متمنی نظر آتاہے۔1940ء سے موجود یہ گھر چار بیڈرومز اورپانچ باتھ رومز پر مشتمل ہے۔ مشیل نے 2004ء میں یہ گھر12ملین ڈالر میں خریدا تھا جبکہ اس وقت گھر کی قیمت تقریباً 29.5ملین ڈالر ہے۔

گھر کی خصوصیات

مشیل کی مرکزی رہائش گاہ میں مہمانوں کے استقبال کیلئے ہال وے موجود ہے، جس میں شاندار فرنیچر، فانوس اور ایک آتش دان بھی ہے۔ داخلی حصے سے شروع ہونے والے سیاہ اور سفید ٹائلز دالان تک یک رنگی تاثر دیتے ہیں۔ ساتھ ہی پورے دالان میںدیواروںپر لگی مختلف اقسام کی روشنیاں ایک الگ ہی منظر پیش کرتی ہیں۔ ایک لمبا اور چوڑا زینہ پہلی منزل پر لے جاتاہے۔ زینہ چڑھتے ہوئے ایک اچٹتی ہوئی نگاہ آپ باہر بنے خوبصورت سوئمنگ پول پر ڈال سکتے ہیں ۔

اس کے قریب ہی ایک گیم روم ہے جس میں ایک بلیئرڈ پول، ایک ٹی وی اور اس کے ساتھ لائبریری ہے۔ تمام بیڈروم بالائی منزل پر بنے ہوئے ہیں، جس میں شاندار ماسٹربیڈ روم بھی شامل ہے۔ اس ماسٹر بیڈ روم کے اوپر ایک پرائیویٹروف ٹاپ ڈیک ہے، جہاں سٹنگ ایریا بھی موجود ہے۔ یہاں ایک اسپا جیسا ماسٹر باتھ روم بھی ہے جو مکمل طور پر ماربل سے بنا ہوا ہے، جہاں اسٹیم شاور لیا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ دو کمرے اور ایک بڑا سا جِم بھی موجود ہے۔

ماسٹر بیڈروم سے متصل ایک وسیع واک اِن شاور، ایک بڑا سنک اور ایک آئینہ ہے، جو کمرے کی وسعت میںاضافہ کرتا ہے۔ چھوٹے سیاہ اور سرمئی موزیک ٹائلز اس باتھ روم کو خوبصورت دکھاتے ہیں۔ ایسا باتھ روم عموماً آپ کو ملک سے باہر یا کسی بھی بہترین ہوٹل کے روم میں دیکھنے کو ملتا ہے۔ اس باتھ روم میں جدید طرز کی سب سہولتیں موجود ہیں، ساتھ ہی اس کی دیواروں اور فرش کے لیے بہت مناسب رنگ کا انتخاب کیا گیا ہے۔

آپ اس ہرے بھرے جنگلو ںمیں گھرے گھر کی آسائشیں دیکھ کر مبہوت رہ جائیں گے۔ یہ ایک ہرے بھرے صحن اوربہترین سازو سامان سے سجا گھر ہے، جو دراصل وسط صدی یعنی پچاس سال پہلے کے تعمیراتی ڈھانچے کو سامنے لاتاہے۔ مشیل نے گھر کی اصل ہیئت کو نہیںچھیڑا، اس کی ہریالی گھر یا اس کے اطراف جیسے جیسے بڑھتی گئی، انہوں نے بڑھنے دیا۔

باہر ایک پرتعیش ٹینس کورٹ، وسیع رقبے پر بنا ہوا سوئمنگ پول اور اسپا ہے جبکہ ساتھ ہی 3,100مربع فٹ پر علیحدہ سے ایک گیسٹ ہاؤس بھی بنا ہے۔ گھر کے بیرونی اور عقبی حصوں میںبنے پورچز میں آتش دان موجود ہیں۔ مرکزی صحن میںایک ہشت پہلو فارم ہائوس ہے،جو1925ء میںتعمیر کیا گیا تھا۔ یہاں گھر کے افراد اور مہمان بھرپور تفریح کرتے ہیں۔

لیونگ روم سے متصل ڈائننگ روم ہے، جہاں ساگوان کی میزیں اورکرسیاں ڈائننگ روم کی خوبصورتی میںاضافہ کرتی ہیں۔ مہمانوںوالے لیونگ روم میں بہت ساری کھڑکیاںہیں اور اس کا فرنچ ڈور، گارڈن تک رہنمائی کرتاہے۔ لیونگ روم کے ایک کونے میںکھانے پینے کی جگہ بنائی گئی ہے جبکہ چھت پر لگی روشنیاں اس کی خوبصورتی میںاضافہ کرتی ہیں۔

اس کے علاوہ ان کی وجہ سے کچن میںوسعت کا احساس ہوتا ہے۔ لیونگ روم سے متصل کچن میں ٹائلز لگے ہیںجبکہ بغیر ہینڈل والے کیبنٹس میں لکڑی اور سفید رنگ کا امتزاج بہت ہی شاندار اور آرام دہ محسوس ہوتا ہے۔ کچن کا سائز زیادہ بڑا نہیں ہے کیونکہ اس میں کیبنٹس کی وجہ سے پھیلائو کم ہے۔ خوشنما پودوں کی وجہ سے کچن میں ایک عجیب سی تازگی کا احساس ہوتا ہے۔

فلمی کیریئر

مشیل فائفر Scareface، The Fabulous Baker Boys اور Batman Returnsجیسی مشہور فلموںسے دنیا بھر میںاپنی پہچان رکھتی ہیں۔ سانتا انا، کیلیفورنیا میںپیدا ہونے والی مشیل نے اوائل کیریئر میں ہی اپنی اداکاری اور خوبصورتی سے فلم بینوں کو متاثر کردیا تھا۔ ٹین ایج میں انہوںنے بہت سے مقابلہ حسن جیتے، جس کی وجہ سے ان کاہالی ووڈ میںداخلہ آسان تر ہوتا چلاگیا۔ Grease2فلم کی کامیابی سے انہوں نے بحیثیت داکارہ شہرت کا ذائقہ چکھا اور جب وہ لیجنڈری اداکار ال پچینو کے ساتھ فلم اسکارفیس میں آئیں تو ان کی شہرت کو چار چاند لگ گئے۔

اسکارفیس کے بعد مشیل نے متعدد فلموںمیںاداکاری کی اور شہرت کی بلندیوں کو چھوتی چلی گئیں۔ انہوں نے دی وچز آف ایسٹ وک، ڈینجرس لائژن، ہیئراسپرے، دی اینٹ مین اور دی واسپ سمیت بہت سی فلموں میں اداکاری کے جلوے دکھائے۔ مشیل نے ٹی وی کے مصنف اور پروڈیوسر ڈیوڈ ای کیلی سے شادی کی۔ دونوں نے ایک لڑکی کلاڈیا اور ایک لڑکے جان ہنری کو گود لیا ہواہے۔