پی ایس ایل کا ترانہ بنانے کے لیے تیار ہوں، علی ظفر

February 22, 2020

پاکستان کے معروف گلوکار علی ظفر کا کہنا ہے کہ اگر پاکستانی عوام مشترکہ طور پر یہ چاہتی ہے کہ میں پی ایس ایل کا ترانہ بناؤں تو میں اپنی کوشش کرنے کے لیے تیار ہوں کیونکہ ان کے لیے تو جان بھی حاضر ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان سُپر لیگ کے سیزن فائیو کی افتتاحی تقریب میں ہونے والی غلطیوں کا غصہ پی ایس ایل کے رواں سیزن کا ترانہ’تیار ہیں‘ گانے والے علی عظمت نے علی ظفرپر نکالا تھا جس کا جواب انتہائی مزاحیہ انداز میں علی ظفر نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے دیا تھا۔

ترانے کی جنگ میں علی عظمت اور علی ظفر دونوں ہی آمنے سامنے ہیں، تاہم گزشتہ روز ایک شو میںعلی ظفر نے علی عظمت کے بیان پر کہا کہ میں کسی بھی گانے کو کسی کی پسند ناپسند نہیں بنا سکتا، میرے پاس ایسی کوئی طاقت نہیں جس سے لوگوں کی توجہ حاصل کرسکوں ۔

میزبان کے سوال پر کہ کیا پی سی بی انہیں کہے گا تو وہ گانا بنائیں گے ، لوگوں کی خواہش پر کچھ نہیں کیا جاسکتا؟ علی ظفر کا کہنا تھا کہ باضابطہ طور پر تو ایسے ہی ہونا چاہیئے، لیکن لوگ کہتے ہیں تو میں اپنی پوری کوشش کروں گا کیونکہ لوگوں نے ہی مجھے اسٹار بنایا ان کے لیے تو جان بھی حاضر ہے۔

یہ بھی دیکھئے:PSL کی افتتاحی تقریب کے بعد علی ظفر کا ویڈیو بیان

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آپ عوام کی رائے صحیح طور پر لے لیں کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ ان کے کسی فعل سے لوگوں کی دل آزاری ہو۔

میزبان نے علی ظفر کے سامنے ’پول‘ کروانے کی تجویز پیش کی کہ لوگوں کی متفقہ رائے سامنے آجائے اور علی ظفر کو بھی 24 گھنٹے سوچنے کا وقت مل جائے۔گانا بنانے یا نہ بنانے کا اعلان آج رات کیا جائے گا۔

علی ظفر کے اس بیان کے بعد سے ہی ان کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، علی ظفر کے ویڈیو پیغام کے بعد سے ان سے متعلق اتنی بات ہوئی کہ وہ پاکستان کے ٹوئٹر ٹرینڈ پینل پر سرفہرست موجود ہیں۔

ان کے اس شرارت بھرے ویڈیو پیغام سے صارفین کے ساتھ ساتھ وہ خود بھی خوب لطف اندوز ہورہے ہیں۔

ایک صارف کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے علی عظمت کی جانب سے لگائے گئے بلاگرز کو خریدنے کے الزام میں مزاحیہ ٹوئٹ بھی کیا اور کہا کہ آپ کو پیسے تو مل گئے نا؟

صارفین کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں نا کوئی گانا گایا اور نہ ہی پرفارمنس پیش کی اس کے باوجود ٹرینڈز میں نمبر ایک پوزیشن میں ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی ان سے محبت کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل کے سیزن فائیو کے گانے پر تنقید کے جواب میں بھی علی ظفر کی جانب سے انتہائی ذمہ دارانہ بیان سامنے آیا تھا۔

واضح رہے کہ گلوکار علی ظفر نے پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن کا آفیشل ترانہ 2016 میں ’اب کھیل کے دکھا‘ گایا تھا، پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کا آفیشل ترانہ 2017 میں’اب کھیل جمے گا‘ گایا تھا جبکہ پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کا آفیشل ترانہ 2018 میں ’دل سے جان لگا دے‘ گایا تھا۔

علی ظفر کی آواز میں پی ایس ایل کے اِن تمام ترانوں کو شائقین کرکٹ نے بےحد پسند کیا تھا۔